ہنگو میں چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کے حملے میں 3 پولیس اہلکار شہید ہوگئے، سی ٹی ڈی

پشاور (ویب ڈیسک) خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو میں بدھ کی رات ایک چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے کے جواب میں قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کی کارروائی کے دوران 3 پولیس اہلکار شہید ہو گئے۔ محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) خیبرپختونخوا کے جاری کردہ بیان کے مطابق دہشت گردوں نے رات کے اندھیرے میں قاضی طالب چیک پوسٹ پر بزدلانہ حملہ کیا۔ حملے کے جواب میں ہنگو کے ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) خان زیب محمد کی قیادت میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔ بیان کے مطابق کارروائی کے دوران پولیس اہلکاروں نے علاقے کو گھیر لیا، پولیس نے حملہ ناکام بنایا، تاہم کارروائی کے دوران ہیڈ کانسٹیبل وحید شاہ، ہیڈ کانسٹیبل حکمت خان اور عبدالصمد شہید ہو گئے۔ سی ٹی ڈی کے بیان میں مزید کہا گیا کہ پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان 2 گھنٹے تک شدید لڑائی جاری رہی اور کئی دہشت گردوں کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ دہشت گرد رات کی تاریکی اور دشوار گزار پہاڑی علاقے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے ہلاک ساتھیوں کی لاشیں اور زخمیوں کو لے کر فرار ہو گئے، تاہم، تلاش اور کارروائی کے دوران ایک مسلح دہشت گرد کی لاش برآمد ہوئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں