مغرب کے اصل ایجنڈے پر عمران خان نہیں موجودہ حکومت عملدرآمد کر رہی ہے، مولانا فضل الرحمن
مردان (ویب ڈیسک) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ ماضی میں کہا جاتا تھا کہ عمران خان مغربی ایجنڈے پر کام کر رہے تھے، لیکن حقیقت یہ ہے کہ مغرب کے اصل ایجنڈے پر موجودہ حکومت عملدرآمد کر رہی ہے۔ مردان میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کی معیشت تباہ ہو چکی ہے، یہ وہ پاکستان نہیں ہے جس سے عوام نے امیدیں وابستہ کی تھیں۔ مولانا فضل الرحمان نے وزیراعظم شہباز شریف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے ہاتھوں سے فلسطینیوں کا خون ٹپک رہا ہے اور شہباز شریف ٹرمپ کو امن کا نوبل انعام دلوانے کی بات کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور افغانستان کو اپنے رویوں پر نظر ثانی کرنا ہو گی، مسلح گروہ جنگ چھوڑ دیں کیونکہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں۔ ہماری افغان پالیسی مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے، 78 سال گزرنے کے باوجود ہم افغانستان کو اپنا دوست نہیں بنا سکے۔


