افغانستان سے دہشتگردی کا نیا خطرہ سر اٹھا رہا ہے، تنازعات کا پرامن حل پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے، وزیراعظم
اشک آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) ترکمانستان کے دارالحکومت اشک آباد میں منعقدہ عالمی فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ افغانستان کی سرزمین سے دہشت گردی کا نیا خطرہ سراٹھا رہا ہے، اس لیے عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ افغان حکومت پر اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں کی ادائیگی کے لیے دباﺅ ڈالے۔ انہوں نے زور دیا کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے افغانستان کی صورتحال پر فوری اور مشترکہ توجہ ناگزیر ہے۔ وزیراعظم نے اپنے خطاب کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ اشک آباد جیسے شاندار شہر میں عالمی فورم سے خطاب ان کے لیے باعثِ مسرت ہے۔ انہوں نے ترکمانستان کے عوام کی گرمجوشی کو قابلِ تعریف قرار دیا اور کہا کہ مہمان کو اہلِ خانہ سے بڑھ کر احترام دینا قابلِ فخر روایت ہے۔ اس موقع پر انہوں نے صدر سردار بردی محمدوف کو اپنا بھائی قرار دیتے ہوئے ترکمانستان کو اس کی مستقل غیرجانبداری کے 30 سال مکمل ہونے پر مبارکباد بھی پیش کی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے 2025 کو بین الاقوامی سالِ امن و اعتماد قرار دینے کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ پاکستان نے رواں سال سلامتی کونسل میں اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی امن و سلامتی کے فروغ کے لیے پاکستان مسلسل اپنا کردار ادا کر رہا ہے، جبکہ تنازعات کا پرامن حل پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے۔


