میر حاصل بزنجو جمہوریت کو جِلا بخشنے والے رہنماء تھے،شاہد خاقان عباسی
خضدارۛمسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنماء سابق وزیراعظم پاکستان شاہدخاقان عباسی مسلم لیگ( ن) کے مرکز رہنماء سابق وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال،سابق گورنر سندھ زبیر عمر سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ میر حاصل بزنجو کی صورت میں بلوچستان کے دور افتادہ کوہساروں اور وادیوں سے نکل کر پاکستان کو ایک اچھا و مائیہ ناز سیاستدان میسر آیا تھا، وہ جمہوریت کو جِلا بخشنے والے رہنماء تھے، ان کی کمی سے ہم ایک اچھے پارلیمنٹرین اور سینئر سیاستدان سے محروم ہوگئے ہیں۔ ہمارے قائد سابق وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف سے بھی ان کی تین دھائیوں پر مشتمل سیاسی رفاقت تھی، وہ اپوزیشن میں فرنٹ لائن کا کردار ادا کررہے تھے۔ ان خیالات کا اظہار انہو ں نے خضدار نال میں میر حاصل بزنجو کی وفات پر لواحقین سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سابق وزیرداخلہ احسن اقبال سابق گورنر سندھ زبیر عمر سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل سابق سینیٹر نہال ہاشمی مسلم لیگ ( ن) سندھ کے صدر شاہ محمد شاہ ، مسلم لیگ (ن) ضلع خضدار کے صدر میر عبدالرحمان زہری و دیگر ان کے ہمراہ تھے۔ سابق وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباس کا کہنا تھا میر حاصل بزنجو کا شمار قومی رہنماؤں میں ہوا کرتا تھا انہوں نے طویل عرصے تک جمہوریت کی بالا دستی کے لیئے جدوجہد کی وہ پارلیمنٹ، مقننہ اور جمہوریت کی بالادستی کے لئے جدوجہد کرنے والے صف اوّل کے سیاستدان تھے ان کی رحلت سے ہم ایک اچھے بہادر سیاسی دوست سے محروم ہوگئے ہیں، میر حاصل بزنجو پارلیمنٹ میں بلوچستان کے لئے توانا آواز تھے انہوں نے طویل عرصے تک جدوجہد کی اور بابائے بلوچستان کی مشن کو آگے بڑھاتے رہے، جے یوآئی ان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ میر حاصل خان بزنجو ایک کہنہ مشق و تجربہ کار سیاستدان تھے، ان کی رحلت سے بلوچستان کے لوگ ایک اچھے عوامی رہنماء سے محروم ہوگئے ہیں اور ان کی خلا مدتوں پر نہیں ہوسکے گا۔ میر حاصل بزنجو جمہوریت کے علمبردار رہنماء تھے جنہوں نے سیاست کے میدان کار زار میں بھرپور اندوز میں اپنا لوہا منوایا اور حقیقی معنوں میں جمہوریت ، مقننہ و پارلیمنٹ کی بالادستی کے لئے جدوجہد جاری رکھی۔


