سانگھڑ میں متاثرہ ریلوے ٹریک 24 گھنٹے بعد بحال، ٹرینوں کی آمدو رفت دوبارہ شروع، مرمت کا کام جاری ہے، ریلوے انتظامیہ

کراچی (ویب ڈیسک) سانگھڑ کے قریب وہاب شاہ ریلوے اسٹیشن کے مقام پر متاثر ہونے والا ڈاﺅن ریلوے ٹریک چوبیس گھنٹے کی مسلسل مرمت کے بعد بحال کر دیا گیا، جس کے بعد پنجاب سے کراچی آنے والی متعدد مسافر ٹرینوں کی آمد و رفت دوبارہ شروع ہو گئی۔ ریلوے حکام کے مطابق بحال کیے گئے ڈاﺅن ٹریک سے فرید ایکسپریس، رحمان بابا ایکسپریس، ذکریا ایکسپریس سمیت دیگر ٹرینوں کو کراچی کے لیے روانہ کر دیا گیا ہے، جبکہ ریلوے آپریشن بتدریج معمول پر لایا جا رہا ہے۔ ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ ڈاﺅن ٹریک کو مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے، تاہم اپ ٹریک کی بحالی کا کام تاحال جاری ہے۔ حکام کے مطابق متاثرہ ٹریک کی مرمت میں مزید کچھ وقت درکار ہوگا، جس کے بعد دونوں اطراف ریلوے ٹریفک مکمل طور پر بحال کر دی جائے گی۔ ریلوے انتظامیہ نے بتایا کہ اپ ٹریک کی بحالی تک ٹرینوں کی آمد و رفت کو دستیاب ٹریک کے ذریعے مرحلہ وار جاری رکھا جا رہا ہے تاکہ مسافروں کو کم سے کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔ گزشتہ روز کراچی سے پنجاب جانے والی کوئلہ بردار مال گاڑی وہاب شاہ ریلوے اسٹیشن کے قریب پٹری سے اتر گئی تھی، جس کے نتیجے میں اپ اور ڈاگون دونوں ریلوے ٹریک شدید متاثر ہوئے اور ملک کے اہم ریلوے روٹ پر ٹرینوں کی آمد و رفت معطل ہو گئی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں