جامعہ بلوچستان کی تعلیمی کاوشوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا،حاجی لشکری رئیسانی

کوئٹہ: سماجی و قبائلی و بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنمانوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی نے ایک وفد کے ہمراہ جامعہ بلوچستان کا دورہ کیا۔ اور وفد میں وفاقی وزیر ہمایوں عزیز کرد اور مختلف مکتب فکر کے نمائندگان بھی شریک تھیں۔ انہوں نے جامعہ کے وائس چانسلر ڈاکٹر شفیق الرحمان سے ملاقات کی۔اس موقع پر جامعہ کے پرووائس چانسلر ڈاکٹر سعود تاج، جیند خان جمالدینی، رجسٹرار ولی الرحمان اور دیگر اساتذہ و افیسران بھی موجود تھیں۔ اور اس حوالے سے ایک تقریب کا انعقاد بھی کیا گیا۔ جس میں حاجی لشکری رئیسانی نے جامعہ کے مین لائبریری کے لئے کتاب دوست مہم کے تحت مختلف سائنسی، علمی، تاریخی اور مختلف موضوعات کی کتابیں پیش کیں۔ اور اس موقع پر کہا کہ معاشرے میں کتابوں کی اہمیت کو اجاگر کرنے، خوشحالی اور ترقی یافتہ معاشرے کی تشکیل کے لئے کتاب دوست مہم کو پروان چڑھایا جارہا ہے۔ اور صوبے کے مختلف تعلیمی اداروں میں کتابیں مہیا کی گئی ہیں۔ جامعہ بلوچستان ایک مادر علمی درسگاہ ہے۔ جس کے صوبے میں تعلیمی کاوشوں کو فراموش نہیں کیا جاسکتا اور اس دورے کا مقصد بھی یہی ہے کہ جامعہ کے ساتھ مشترکہ طور پر کتاب بینی کو فروغ دینے سمیت علمی، سیاسی، تربیتی سرگرمیوں کو پروان چڑھانا ہے۔ جس سے معاشرے میں بہتر تبدیلی، اعلیٰ تعلیم کے حصول اور مثبت سیاست کو عملی جامہ پہنانا ہے اس موقع پر جامعہ کے وائس چانسلر نے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ پانچ دہائیوں سے علم و تحقیق کو پروان چڑھارہی ہے۔ اور رواں برس کو جامعہ میں گولڈن جوبلی کے تحت منایا جائے گا۔ اس حوالے سے مختلف تقریب کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔جس میں خاص کر کتابی میلہ سمیت مختلف علمی، تاریخی و تجرباتی سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے گااور جامعہ طلبہ و طالبات کو کتاب بینی کی جانب راغب کرنے میں اہم کردار ادا کررہی ہے۔ اور مین لائبریری جامعہ بلوچستان ملک کے اہم کتاب خانوں میں شمارہوتا ہے۔ کیونکہ وہ معاشرے ترقی سے ہمکنار ہوتے ہیں جنہوں نے کتابوں سے دوستی قائم کی ہوئی ہے۔ اور ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم مشترکہ طور پر تعلیمی، تربیتی، سیاسی شعور کو اجاگر کریں اور تعلیمی اداروں کو آنے والے نسلوں کے لئے ترقی سے ہمکنار اور تمام سہولتوں سے آراستہ ایک سرمایہ کے طور پر دے سکیں۔ کیونکہ تعلیم کے بغیر ترقی کے خواب کو شرمندہ تعبیر نہیں بنایا جاسکتا۔ وفد نے جامعہ کے مین لائبریری، کمپیوٹر لیب کا دورہ کیا اور تعلیمی سرگرمیوں، ترقیاتی منصوبوں کو سراہا۔ آخر میں جامعہ کی جانب سے مہمانوں کو شیلڈ پیش کئے گئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں