کورونا وائرس، سائلین کے داخلے پر پابندی، عدالتوں کے احاطے ویران رہے

کوئٹہ: نول کورونا وائرس سے پیشگی بچاؤ کی خاطر بلوچستان ہائی کورٹ اور ماتحت عدالتوں میں قیدیوں اور سائلین کے داخلے پر پابندی کے باعث عدالتوں کے احاطے ویران رہے تاہم وکلاء اپنے موکلین کی جانب سے عدالتوں میں پیش ہوئے۔تفصیلات کے مطابق رجسٹرار ہائی کورٹ کی جانب سے گزشتہ روز پریس ریلیز میں ہدایت کی گئی تھی کہ بلوچستان ہائی کورٹ اور ماتحت عدالتوں میں کورنا وائرس سے پیشگی بچاؤ کے اقدام کے طورپر قیدیوں اور سائلین کا داخلہ ممنوع ہوگا بلکہ ان کی جانب سے ان کے وکلاء پیش ہونگے جس کی وجہ سے منگل کے روز بلوچستان ہائی کورٹ اور ماتحت عدالتوں میں قیدیوں کو پیش نہیں کیا گیا بلکہ سائلین کو بھی اندر جانے کی اجازت نہیں دی گئی جس کی وجہ سے عدالتوں کے احاطے ویران رہے۔دوسری جانب بعض وکلاء اپنے موکلین کی جانب سے عدالتوں میں پیش ہوئے تمام سائلین اور قیدیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے مقدمات سے متعلق معلومات بذریعہ فون اپنے وکلاء سے لیں مذکورہ پریس ریلیز میں نئے کیسوں کی وصولی ہائی کورٹ اور سول کورٹس کے گیٹوں پر کئے جانے کی بھی ہدایت شامل تھی بلکہ عدالتوں کے ملازمین اور وکلاء کیلئے دفتر اور عدالت میں جانے سے قبل ہاتھ دھونا لازمی قراردیاگیاتھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں