تحریر و تقریر اور میڈیا کی آزادی سے ہی جمہوری اقدار کا پیمانہ ناپا جا سکتا ہے ،شکیلہ نوید دہوار

کوئٹہ: رکن بلوچستان اسمبلی شکیلہ نوید دہوار نے کہا ہے کہ تحریر و تقریر اور میڈیا کی آزادی سے ہی جمہوری اقدار کا پیمانہ ناپا جا سکتا ہے بلوچستان کے حقیقی مسائل علاقائی میڈیا پر کسی حد تک روشناس ہوتے ہیں تاہم قومی میڈیا کے آوٹ لیٹس پر بلوچستان کو خاطر خواہ اہمیت اور کوریج نہیں دی جاتی بلوچستان کے مسائل کا احاطہ اسلام آباد میں بیٹھا ایک میڈیا پرسن نہیں کرسکتا ، بلوچستان میں حقیقی سیاسی قیادت اور دیگر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے افراد کے ساتھ ساتھ مقامی صحافیوں نے بھی اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے صوبے اور یہاں کے عوام کے حقوق کی جنگ لڑی ہے دھرتی سرزمین بلوچستان کے لیے قربانیاں دینے والے ہمارے حقیقی ہیرو ہیں جن کو رہتی دنیا تک یاد رکھا جائے گا کوئٹہ پریس کلب نے سیاسی ایوانوں کے شانہ بشانہ پچاس سالوں میں ایک طویل سفر طے کیا ہے مقامی صحافیوں کی بے لوث خدمت اور جدوجہد کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ نامساعد حالات میں بلوچستان کے صحافی بلوچستان اور عوامی حقوق کے دفاع کی سیاسی جدوجہد کو پیشہ ورانہ خدمات سے کمک فراہم کرتے رہیں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ پریس کلب کی گولڈن جوبلی تقریبات کے تسلسل میں جرنلسٹ فیملی شو میں مہمان خاص کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کہی شکیلہ نوید دہوار نے کہا کہ بلوچستان کے طویل رقبے پر بکھری آبادی کے مسائل کو اجاگر کرنا میڈیا کے باشعور لوگوں کا وہ مشکل چیلنج ہے جس سے نبرد آزما ہوتے ہوئے بہت سے صحافیوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا بلوچستان کے جغرافیائی اور سیاسی ڈائنامک دیگر صوبوں سے قطعی مختلف ہیں ان مسائل کو اجاگر کرنے سے قبل ضروری ہے کہ ان پر تبصرہ یا رپورٹ کرنے والا فرد زمینی حقائق سے مکمل آگاہی رکھتا ہو، بدقسمتی سے وفاقی دارلحکومت میں بیٹھ کر گوادر اور کوئٹہ کو ایک ہی شہر کہنے والے دانشور خود کو بلوچستان کا چیمپئن سمجھتے ہیں شکیلہ نوید دہوار نے کہا کہ بلوچستان کے مسائل سے قومی میڈیا تہی پہلو کرتا ہے اور نیشنل میڈیا آوٹ لیٹس پر بلوچستان کو اہمیت نہیں دی جاتی اس میں یہاں کے مقامی میڈیا ورکرز کا قصور نہیں بلکہ ان میڈیا مالکان کا ہے جن کو بلوچستان کے عوام سے زیادہ اپنے بزنس انٹرسٹ عزیز ہیں انہوں نے کوئٹہ پریس کلب کی گولڈن جوبلی پر تمام ممبران کو مبارکباد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ جمہوری معاشرے کے مرکزی ستون مشکلات و مصائب کا سامنا کرتے ہوئے حق و سچ کے پرچار میں پیش پیش رہ کر تاریخ میں اپنی مثبت سمت کا تعین کریں گے قبل ازیں کوئٹہ پریس کلب پہنچنے پر صدر پریس کلب رضا الرحمن اور خواتین صحافیوں نے رکن بلوچستان اسمبلی شکیلہ نوید دہوار کو خوش آمدید کہا۔ مہمان خاص شکیلہ نوید دہوار نے صحافیوں کی فیملیز کے ساتھ رنگا رنگ پروگرامز میں شرکت کی اور ڈنر پروگرام میں بھی شریک رہیں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں