کالج اساتذہ معروضی حقائق کے تناظر میں مخلص امیدواروں کا انتخاب کریں، بی پی ایل اے یکجہتی پینل
کوئٹہ ؛ یکجہتی پینل کے کنوینرز نے بلوچستان پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن کے ہونے والے انتخابات کو بلوچستان بھر کے کالج اساتذہ کےلیے سنگ میل قرار دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا ہے کہ برادری ان انتخابات میں مرکزی اور ڈویژنز کی سطح پر اپنا حق رائے دہی استعمال کرکے درپیش چیلنجوں سے نکلنے میں اپنا تاریخی کردار ادا کریں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ یکجہتی پینل کی مشاورتی کمیٹی نے تمام ڈویژنز سے مجوزہ امیدواروں کی ایک فہرست تیار کرلی ہے جس پر ہفتہ کے روز گرینڈ میٹنگ میں بلوچستان بھر کے مندوبین کی مشاورت سے پینل کو حتمی شکل دے دی جائے گی۔ یکجہتی پینل کے کنوینرز نے اس موقع پر ووٹ کے ذریعے تبدیلی کی اہمیت کی بنیاد پر برادری کو پیغام دیا ہے کہ کالج اساتذہ بلند بانگ دعووں کی بجائے معروضی حقائق کے تناظر میں مخلص اور سنجیدہ امیدواروں کو ووٹ دیں۔ درایں اثنا یکجہتی پینل کے کنوینرز سے پروفیسرز کے مختلف وفود نے ملاقاتوں اور ٹیلوفونک رابطوں کے دوران الیکشن میں مکمل سپورٹ کی یقین دہانی کرائی اور سابقہ دور کی غلط پالیسیوں اور نقصان دہ حکمت عملی کے اثرات کے تدارک کے لئے ووٹ کے بھرپور استعمال سے تبدیلی کا سفر شروع کرنے کا اعادہ کیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ سالیڈریٹی پینل منتخب ہونے پر اپنی کابینہ اور برادری کی جمہوری شرکت کے ساتھ ماضی کے بدترین اثرات کو زائل کرنے کے لیے تمام تر قانونی اور آئینی ذرائع کا بھرپور استعمال کرے گا۔ کنوینرز نے کہا ہے کہ ہفتہ 26 ستمبر کو ہونے والی گرینڈ میٹنگ میں تمام پروفیسرز کی زیادہ سے زیادہ شرکت کا خیر مقدم کیا جائے گا اور جمہوری مشاورت کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔