وزیراعلیٰ کے زیرصدارت اجلاس ،کوئٹہ کراچی اور ایم 8 شاہراہ کے منصوبوں پر اطمینان کا اظہار

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان سے صوبائی وزراء،اراکین اسمبلی کی یہاں ہونے والی ملاقات کے دوران اہم صوبائی امور، کورونا وائرس کی صورتحال، وزیراعلیٰ کے سماجی ومعاشی اقدامات اور ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا، صوبائی وزراء اور اراکین اسمبلی نے وزیراعلیٰ کو اپنے اپنے اضلاع میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت سے بھی آگاہ کیا، اس موقع پر کراچی، کوئٹہ، چمن شاہراہ اور ایم۔8 کے ہوشاب، آوارن، خضدار سیکشن کے منصوبوں پر حالیہ پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا،صوبائی وزراء اور اراکین اسمبلی نے صوبائی حکومت اور وفاق کے درمیان ورکنگ ریلیشن شپ کے فروغ اور اس حوالے سے وزیراعلیٰ بلوچستان کے وژن اور کوششوں کو سراہا، ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ نے صوبے کی سماجی ومعاشی ترقی کے لئے ایک سمت مقرر کردی ہے اور جلد صوبائی حکومت کے ترقیاتی اور پالیسی ساز اقدامات کے دوررس نتائج سامنے آئیں گے، اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ مخلوط صوبائی حکومت میں شامل تمام سیاسی جماعتوں کا اعتماد ان کے لئے باعث تقویت ہے، بلوچستان کی حالت بدلنے کے لئے ہم سب ایک صفحہ پر ہیں اوریکساں موقف رکھتے ہیں،صوبے کے وسائل کی ترقی اور ان کا تحفظ ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے، صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اس حوالے سے اہم قانون سازی کی گئی ہے، ملاقات میں پارلیمانی اراکین کی جانب سے وزیراعلیٰ کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اعادہ کرتے ہوئے بلوچستان کی تعمیروترقی اور عوام کی خوشحالی کے اقدامات کو کامیاب بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں