سنگاپور،چہرے سے شہریوں کی تصدیق کرنے والا دنیا کا پہلا ملک
سنگاپور سٹی:دنیا میں آئے روز نت نئی ایجادات اور ٹیکنالوجیز سامنے آ رہی ہیں اور بہت سے ممالک میں ان ٹیکنالوجیز کو حکومتی سطح پر استعمال بھی کیا جا رہا ہے۔ایسی ہی ایک جدید ٹیکنالوجی سنگاپور میں استعمال ہونے جا رہی ہے جسے سنگ پاس کا نام دیا گیا ہے۔ یعنی سنگا پور چہرے کے ذریعے شہریوں کی تصدیق کرنے والا دنیا کا پہلا ملک ہو گا۔بائیو میٹرک طریقے سے شناخت کے ذریعے سنگاپور کے شہریوں کو حکومتی اور نجی سروسز تک رسائی کی اجازت ہو گی۔سنگاپور کی ٹیکنالوجی ایجنسی کے حکام کا کہنا ہے کہ یہ ٹیکنالوجی ملک کی ڈیجیٹل اکانومی کی بنیاد ہو گی۔ایک بینک میں اس ٹیکنالوجی کی کامیاب آزمائش کے بعد اب اس ٹیکنالوجی کو پورے سنگاپور میں نافذ کیا جا رہا ہے۔اس ٹیکنالوجی کے ذریعے نہ صرف سامنے والے شخص کی شناخت ہوتی ہے بلکہ یہ اس بات کو بھی یقینی بناتا ہے کہ بندہ حیقیقت میں موجود ہے۔سنگاپور کو چہرہ شناسی کی ٹیکنالوجی فراہم کرنے والی برطانوی کمپنی آئی پروو (iProov) کے چیف ایگزیکٹو اینڈریو بڈ کا کہنا ہے کہ جب آپ کو کسی شخص کی تصدیق کرنی ہو تو اس بات کو یقینی بنانا ہوتا ہے کہ وہ شخص خود سامنے موجود ہو، آپ کسی تصویر، ویڈیو اور ریکارنڈنگ کو نہیں دیکھتے۔سنگاپور کی حکومت نے ڈیجیٹل طریقے سے شناخت کی اس اسکیم کو سنگ پاس کا نام دیا ہے جس کے ذریعے سے شہریوں کی حکومتی سروسز تک رسائی ممکن ہو گی۔اینڈریو بڈ کا کہنا ہے کہ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ حکومتی سطح پر کلاڈ-بیسڈ کے ذریعے چہرے کی تصدیق کا طریقہ کار اپنایا جا رہا ہے۔