ملک کے بڑے ہوٹلز قرنطینہ سینٹرز میں تبدیل کرنے کی تجویز، این ڈی ایم اے
اسلام آباد:نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے) نے کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے پیشِ نظر ملک کے بڑے ہوٹلز کو قرنطینہ سینٹرز میں تبدیل کرنے کی تجویز دے دی۔نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے ملک میں بڑے ہوٹلز کو قرنطینہ سینٹرز میں تبدیل کرنے کیلیے صوبوں کے چیف سیکریٹریوں کو خط ارسال کیا ہے۔این ڈی ایم اے کی جانب سے آزاد کشمیر سمیت تمام صوبوں کے چیف سیکریٹریز کو 16 مارچ کو خط لکھا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس کو مزید پھیلاؤ سے روکنے کے اقدامات کے پیش نظر ملک میں تھری اور فور اسٹار ہوٹلز کو خالی کرواکر قرنطینہ مراکز میں تبدیل کیا جائے۔خط میں کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس کے ایک مشتبہ شخص کے لیے ایک کمرہ کی پالیسی اپنائی جائے۔خط میں ہدایت دی گئی ہے کہ این ڈی ایم اے کو قرنطینہ مراکز کی تفصیلات سے فوری طور پر آگاہ کیا جائے۔واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ ملک بھر میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 307 ہو گئی ہے۔صوبائی اور وفاقی حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جارہے ہیں جس کے تحت مختلف شہروں کے اسپتالوں میں قرنطینہ وارڈز قائم کیے گئے ہیں اس کے علاوہ تعلیمی مراکز، دفاتر اور عوامی مقامات بند کردیے گئے ہیں۔