کوئٹہ میں عوام کی زمینوں پر لینڈ مافیا کی قبضہ گیری قبول نہیں، پشتونخوامیپ
کوئٹہ : پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی پریس ریلیز میں صوبے بھر بالخصوص کوئٹہ شہر میں کے مختلف علاقوں میں عوام کی پدری اور خریدی ہوئی جائیداد،زمینوں پر مسلح لینڈ مافیا اور قبضہ گر عناصر کی جانب سے قبضہ گیری کے ناروا عوام دشمن اقدامات کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ مختلف علاقوں میں قبضہ مافیا کی جانب سے شہریوں کے انتقال شدہ زمینوں پر دھونس دھمکیوںکے ذریعے ان کی زمینوں پر قبضہ کیا جارہا ہے جس پر سلیکٹڈ صوبائی حکومت ، ضلعی انتظامیہ ، پولیس وایف سی کی موجودگی میںدن دہاڑے غیر رجسٹریشن اور سیاہ شیشوں والی گاڑیوں جن میں بعض اشتہاری افراد بھی شامل ہیں دیدہ دلیری کے ساتھ ہر علاقے میں گھومتے ہیں اور جہاںچاہے اپنی مرضی پر مکان، زمین پر قبضہ جما دیتے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ماضی میں بھی قبضہ گر عناصر کی جانب سے عوام کے پدری زمینوں، گندے پانی کے نالوں ، کاریزات پر قبضہ گیا جن پر کہیں مقامات پر پشتونخوامیپ کے کارکنوں نے ان قبضوں کو ناکام بنانے کی حتی الوسع کوششیں کی ۔ لیکن اب ایک بار پھرکوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں بالخصوص نواں کلی ، زرغون آباد، ترین شور ، نواں کلی ہنہ بائی پاس ، ٹیچر کالونی ، سرہ غوڑگئی کے انتقالی اور بلا فہمودہ زمینوں پر قبضہ شروع ہوچکا ہے سرعام دھونس ودھمکیاں دینا ،بھاری اسلحہ کی نمائش اور خوف وہراس کیلئے فائرنگ کرنا ، شریف شہریوں کو زدکوب کرنے جیسے عوام دشمن اقدامات پر سلیکٹڈ صوبائی حکومت ، ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی مجرمانہ خاموشی قابل مذمت اور قابل گرفت ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ان مسلح وقبضہ گر عناصر کے خلاف پشتونخوامیپ اپنے عوام کے ساتھ ہر سطح پر قانونی کارروائی کا حق محفوظ رکھتی ہے ۔ بیان میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ ان قبضہ گر مافیاز اور مسلح عناصر اور ان کی پشت پناہی وسرپرستی کرنیوالے عناصر کے خلاف کارروائی کو یقینی بناتے ہوئے عوام کی پدری جائیدادوں ، زمینوں پر قبضہ ہونے سے بچایا جائے ، اگر ان کے خلاف کارروائی نہیں کی گئی تو پشتونخوامیپ اپنے عوام کی تائید وحمایت کے ساتھ سلیکٹڈ صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ کے خلاف احتجاج کا حق محفوظ رکھتی ہے۔


