تنظیمی انتخابات ناروا اقدامات کے نقصانا ت سے نجات کاذریعہ ہیں، بی پی ایل اےیکجہتی پینل

کوئٹہ؛ بلوچستان پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن یکجہتی پینل کے وفود انتخابی مہم کے سلسلے میں مختلف شہروں کے دورے میں یکجہتی پینل کے اہداف و مقاصد کو معزز اساتذہ تک پہنچانے میں سرگرم عمل ہیں۔ گذشتہ دنوں نامزد صدارتی امیدوارر پروفیسر حمید خان نے گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ سائنس کالج کوئٹہ کا دورہ کیا اور اس دوران کالج اساتذہ سے سیر حاصل گفتگو کی اور ان تک پینل کا منشور اور مستقبل کا واضح لائحہ عمل پیش کیا گیا۔ نامزد صدر پروفیسر حمید خان اور نامزد جنرل سیکریٹری پروفیسر طارق بلوچ نے اپنے مشترکہ دورے میں گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج حیر دین کا دورہ کیا اور وہاں کالج اساتذہ سے ان کے مسائل سنے اور یکجہتی پینل کی طرف سے یقین دہانی کرائی گئی کہ پینل کی کامیابی پر برادری کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مکمل تیاری کے ساتھ مشاورت اور معاونت کے اصول کے تحت اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لائیں گے۔ نامزد جنرل سیکریٹری پروفیسر طارق بلوچ نے اس سے قبل گورنمنٹ انٹر کالج کانک کا دورہ کیا اور برادری اور تنظیمی امور پر اساتذہ کے ساتھ تبادلہ ء خیال کیا اور یقین دلایا کہ یکجہتی پینل کو سنجیدہ اور مثبت فکر رکھنے والے اساتذہ نے تشکیل دیا ہے اور ہمیں ہر مسئلہ کا بخوبی ادراک ہے۔ پروفیسر حمید خان گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج ڈیرہ مراد جمالی کے دورے میں یکجہتی پینل کے اغراض و مقاصد کو پیش کرتے ہوئے کہا کہ کالج اساتذہ کو اس وقت پیشہ ورانہ امور میں وسائل کے حوالے سے شدید مشکلات درپیش ہیں اس حوالے سے پینل کے موقف میں کوئی ابہام نہیں پایا جاتا ہے کیوں کہ یہ یکجہتی کے دوستوں کے لیے محض انتخابی مہم نہیں بلکہ ایک ایسی تحریک ہے جس کے مقاصد میں برادری کی عزت اور مرتبے کا جائز اور قانونی انداز میں تعین ہے اور سابقہ کابینہ کی ناکامیوں اور نااہلی کی وجہ سے بڑے آئینی بحران سے نکلنے کی سعی بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ برادری میں کسی بھی قسم کی تفریق ناقابل قبول ہے اور ساتھ ہی کسی بھی طرح کی ناانصافی کو برداشت کرنا اس مقدس پیشے کی توہین کے برابر ہوگا جس پر کسی بھی قیمت سمجھوتا نہیں کیا جاسکتا۔ نامزد جنرل سیکریٹری پروفیسر طارق بلوچ نے اس دوران گورنمنٹ انٹر گرلزکالج صحبت پور اور گورنمنٹ انٹر بوائز کالج ڈیرہ اللہ یار کے دوران کالج اساتذہ کو بی پی ایل اے کے ہونے والے انتخابات کو سب سے اہم انتخابات قرار دیتے ہوئے تازہ ترین دور میں ناروا اقدامات کے مضمرات اور نقصانات سے نجات کا ذریعہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا جس طرح سے چند افراد نے برادری کی واحد تنظیم کے ساتھ کھلواڑ کیا اس سے برادری کا ہر فرد آگاہ ہے یہی وجہ ہے کہ یکجہتی پینل کی تشکیل کو ضروری سمجھا گیا کہ وہ بلوچستان بھر کے کالجوں کا دورہ کرکے برادری کے سامنے مسائل اور مشکلات کی سچی تصویر پیش کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے کالج اساتذہ محنتی اور مخلص ہیں جو کمترین وسائل میں بھی صوبے کے کونے کونے میں علم کی روشنی پھیلا رہے ہیں انہوں نے کہا بلوچستان بھر کے کالجز اور ان سے وابستہ اساتذہ کے مسائل کے حل ہی میں صوبے کی خوشحالی و ترقی پوشیدہ ہے۔ یکجہتی پینل کامیابی کی صورت میں چارٹر آف ڈیمانڈ پر اپنا واضح موقف رکھتا ہے اور اس حوالے کالج اساتذہ کی بلاتفریق خدمت کا عزم کرچکا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں