بلوچستان سرمایہ کاروں کی جنت بن چکا ہے ، فر مان زر کون

کوئٹہ: بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے چیف ایگزیکٹو فرمان زرکون نے کہا ہے کہ بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ اپنے آپریشنز کو وسعت دے رہا ہے، اسلام آباد میں آفس کے قیام کے بعد اب کراچی اور گوادر میں بھی دفاتر قائم کئے جا رہے ہیں، ان دفاتر کے قیام سے سرمایہ کاروں اور کاروباری طبقے کو انکی دہلیز پر سہولیات مل سکیں گی، اسلام آباد آفس مکمل طور پر فعال ہے جس سے وفاقی دارالحکومت میں موجودسرمایہ کار اور بزنس کمیونٹی کے افراد رابطہ کر رہے ہیں اسکے علاوہ غیر ملکی سفارتی مشنز، وفاقی اداروں کیساتھ بھی مربوط روابط قائم ہوئے ہیں، انہوں نے کہا کہ کراچی آفس بھی بہت جلد فعال ہو جائیگا جس سے پاکستان کے سب سے بڑے تجارتی شہر کے سرمایہ کاروں کوانکی دہلیز پر سہولت ملے گی اور بلوچستان میں سرمایہ کاری کیلئے انکا اعتماد بحال ہوگا جبکہ گوادر کی جغرافیائی اہمیت اور سی پیک کا مرکز ہونے کے پیش نظر وہاں بھی دفتر قائم کیا جائیگا جو غیر ملکی سرمایہ کاروں اور بندرگاہ کے ذریعے تجارت کرنیوالوں کو سہولیات فراہم کریگا، انہوں نے کہا کہ بلوچستان سرمایہ کاروں کی جنت بن چکا ہے جس کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں، بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ ان مواقع کو دنیا کے سامنے لانے اور انہیں سہولیات کی فراہمی کیلئے پر عزم ہے اور وزیر اعلیٰ جام کمال خان عالیانی کے وڑن کے مطابق صوبے کو سرمایہ کاروں کی جنت بنانے کیلئے ہر ممکن کوششیں کر رہا ہے، انہوں نے کہا کہ تجارتی وصنعتی سرگرمیوں کو فروغ دیکر ہی صوبے کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں