کورونا وائرس، غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کیا جارہاہے، پی پی بلوچستان
کوئٹہ:پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے صوبائی میڈیا کوآرڈینیٹر حیات خان آچکزئی نے کہا ہے کہ کرونا وائرس وبائی مرض نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہوا ہے،دنیا کے ممالک اس آفت سے بچنے اور اپنی عوام کی صحت و معالجہ ضروریات کو پورا کرنے کی سنجیدہ کوششیں کر رہے ہیں،پاکستان میں سندھ حکومت کے علاوہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کر رہی ہیں، انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے بہت سے ایسے علاقے ہیں جہاں کورونا وائرس کے حوالے سے کوئی شعور و آگہی نہیں ہے جسکی وجہ سے اس کی سنگینی میں اضافہ اور زیادہ پھیلاو کے خطرات ہیں،حکومتی سطح پر فوری طور پر ان علاقوں میں ہر سطح پر اعلانات اور پمفلٹس کے ذریعے شعور و آگہی مہم چلائی جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر وفاقی حکومت پہلے روز سے سنجیدگی کا مظاہرہ کرتی تو یہ وبائی مرض پاکستان میں بہت کم پھیلتا،اس مرض کی علامات پہلے چین پھر ایران میں ظاہر ہوئیں،جبکہ وفاقی حکومت نے چین سے طلبا کو پاکستان آنے نہی دیا جس سے اکثر طلبا اس مرض کا شکار ہوگئے،دوسری طرف ایران سے جو پاکستانی واپس آئے انہے پاکستان میں بغیر چیک اپ کے آنے دیا گیا اورجو لوگ بعد میں آئیان کے ساتھ غیر انسانی سلوک کرتے ہوئے سینکڑوں افراد کو ایک ساتھ کیمپوں کی صورت میں رکھا جارہاہے جو تشویشناک ہے،کرونا وبائی مرض ہے ایک دوسرے کو لگتا ہے،اگر ان لوگوں میں ایک بھی شخص مرض میں مبتلا تھا اس کی وجہ سے بہت سوں کو منتقل ہوجائے گا،جس کی مثال سندھ میں ہے،جو لوگ تافتان سے آئے ان میں سے پچاس فیصد کرونا وائرس سے متاثر ہیں، انہوں نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ سندھ حکومت کی طرز پر تمام حکومتیں کرونا وائرس سے نمٹنے کے لئے ٹھوس اور سنجیدہ اقدامات کریں اور عوام کے جانوں کی تحفظ حفظ یقینی بنائیں۔