کرونا وائرس،مشکل کی گھڑی میں بردباری کی ضرورت ہے، نواب ثناء اللہ زہری

خضدار:مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنماء سابق وزیراعلیٰ بلوچستان چیف آف جھالاوان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہاہے کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے لئے تمام ترممکنہ حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی بے حد ضرورت ہے۔کورونا وائرس کی صورت میں قوم پر اس وقت جو مشکل گھڑی آئی ہے اس سے بچنے اور حفاظت کے لئے تحمل و بردباری کی ضرورت ہے شہری گھر وں میں رہیں ایک دوسرے سے ملنے اور حلقہ بنانے سے گریز کریں اور لاک ڈاؤن کو ہرصورت میں کامیاب بنایاجائے، حکومت ایسی مشکل گھڑی میں قوم کے لئے خصوصی ریلیف اور سبسڈی کا اعلان کردے، پیٹرولیم مصنوعات میں واضح کمی لانے کے ساتھ ساتھ اشیائے صرف کی قیمتوں میں واضح کمی لائے اور محنت کش و ڈیلی ویجز والے افراد کے لئے خصوصی پیکج کا اعلان کرے۔ ان خیالات کاا ظہار انہوں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہاکہ میاں شہباز شریف کا اس مشکل گھڑی میں پاکستان آنا باعث مسرت ہے وہ لند سے قوم کی دلجوئی کی خاطر واپس وطن آئے اور اپنی خدمات پیش کرنے کے لئے قوم کے درمیان اپنی موجودگی کو ثابت کردیا۔ ملک میں کورونا وائرس سے حفاظتی تدابیر و بچاؤ کے حوالے سے میاں محمد شہباز شریف کے تجاویز، مشاورت اور خدمات کی قوم کو ضرورت تھی یقینا وہ احسن انداز میں اپنی خدمات نبہائیں گے۔ سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کا کہنا تھا کہ قوم سے اپیل ہے کہ وہ بتائی گئی ہدایات پر عمل پیرا ہ ہو کرملک سے کورونا وائرس سے نجات دلادیں، اس وقت قومی و اجتماعی تعاون کی بے حد ضرورت ہے اور اس میں تمام طبقات معاون بننے کا کردار ادا کریں۔ بے احتیاطی اور غیر سنجیدگی کسی بھی بڑے سانحہ کی صورت اختیار کرسکتی ہے۔جو تباہی دوسرے ممالک میں آچکی ہے جہاں زیادہ تر اموات ہوئی ہیں وہ پیشگی حفاظتی تدابیر اختیار نہ کرنے اور احتیاط نہ کرنے کی وجہ سے ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت موثر اقدامات عمل میں لائے اور ایسے موقع پر جب عوام لاک ڈاؤن کی طرف جارہی ہے جہاں محنت کش اور ڈیلی ویجز سمیت کاروبار کے دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد گھر بیٹھے ہوئے ہیں ان کی سر پرستی کرنے کی ضرورت ہے اور ان کے سر وں پر دست شفقت رکھنے کی ضرورت ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں