اسپیکر قومی اسمبلی کاشہباز شریف کو ٹیلی فون،پارلیمانی کمیٹی کے قیام سے تبادلہ خیال

لاہور:سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے قائد حزب اختلاف محمد شہباز شریف کو ٹیلی فون کر کے ملک میں کورونا وائرس کے حملے،اس کے پیش نظر معاشی چیلنجز اور کورونا وائرس پر پارلیمانی کمیٹی کے قیام بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے کے درمیان پارلیمانی کمیٹی کے قیام پر مشاورت کی گئی۔اسپیکر نے قائد حزب اختلاف کو کمیٹی کے قیام کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ کمیٹی حکومت کے اقدامات پر نظر رکھے گی اور اپنی تجاویز دے گی۔ دونوں رہنماؤں نے ملک کے لیے مل کر کورونا وائرس کے خلاف لڑنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ ہماری سیاسی قیادت ہمیشہ قومی ایشوز پر متحد ہوئی،سیاسی قیادت کا متحد ہونا وقت کی ضرورت ہے،ہمیں مل کر اپنی قوم کو جرت اور بہادری کا پیغام دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں کورونا وائرس سے ڈرنا نہیں لڑنا ہے،ملک مشکل مرحلہ سے گزر رہا ہے،سیاسی قیادت مل کر اپنا بھرپور کردار ادا کرے۔قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے مشکل کی اس گھڑی میں سیاسی قیادت کو یکجا کرنے پر سپیکر کی کوششوں کو سراہا اور اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں