صورتحال بد سے بدتر، ايک دن ميں کورونا کے قريب چھ لاکھ نئے کيسز
عالمی ادارہ صحت نے بتايا ہے کہ جمعے کو دنيا بھر ميں کورونا کے 581,679 نئے کيسز سامنے آئے، جو اب تک يوميہ بنيادوں پر کيسز کا نيا ريکارڈ ہے۔ دنيا بھر ميں انچاس ملين سے زائد افراد نئے کورونا وائرس کا شکار بن چکے ہيں۔
عالمی ادارہ صحت نے ہفتے کی صبح اعلان کيا ہے کہ جمعے کو عالمی سطح پر کورونا کے 581,679 نئے کيسز سامنے آئے۔ اس سے قبل ايک دن ميں سب سے زيادہ کيسز کا ريکارڈ اکتيس اکتوبر کو قائم ہوا تھا تاہم چھ نومبر کو سامنے آنے والے کيسز کی تعداد اس سے چوبيس ہزار زائد ہے۔
دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 49.04 ملین ہو گئی ہے۔ اس عالمی وبا کے نتیجے میں ہونے والی مصدقہ ہلاکتیں اب 1,238,751 ہو چکی ہیں۔ اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک امریکا ہے جہاں اب تک 9,650,284 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں جب کہ امریکا میں ہلاکتوں کی تعداد 235,031 ہے۔ بھارت اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ہے جہاں مجموعی طور پر 8,411,724 افراد میں اس وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے جب کہ یہاں ہلاکتیں 124,985 ہوئی ہیں۔
جرمنی ميں پچھلے چوبيس گھنٹوں کے دوران کوروناوائرس کے 23,399 نئے کيسز سامنے آئے، جس کے بعد ملک ميں متاثرين کی مجموعی تعداد 642,488 ہو گئی ہے۔ اس ملک ميں بھی يوميہ بنيادوں پر سب سے زيادہ کيسز کا يہ نيا ريکارڈ ہے۔ جرمنی ميں اب تک کووڈ انيس کے۔ باعث ہلاک ہونے والوں کی تعداد 11,226 ہے۔


