مالیاتی وسائل کے مناسب استعمال اور نظم وضبط کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا،جام کمال

کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ مالیاتی وسائل کے مناسب استعمال اور نظم وضبط کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور اس حوالے سے کسی تساہل اور غفلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا صوبے میں ترقیاتی اسکیموں پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے موقع پر وزیراعلیٰ نے اس امر پر سخت ناپسندیدگی کا اظہار کیا کہ بعض افسران جاری ترقیاتی اسکیموں کے لئے جاری شدہ فنڈز کو اب تک استعمال نہیں کرسکے ہیں‘ انہوں نے ہدایت کی کہ ذمہ دار افسران کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے وزیراعلیٰ نے پی ایس ڈی پی میں شامل ترقیاتی اسکیمات کی باقاعدہ مانیٹرنگ کے نظام کو مثر بنانے اور پی ایس ڈی پر عملدرآمد کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ منصوبوں کی تکمیل میں تاخیر اور فنڈز کے ضیاع پر متعلقہ ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق سخت ایکشن لیا جائے انہوں نے کہا کہ صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ موجودہ صوبائی حکومت نے نئے مالی سال کے آغاز سے ہی ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد شروع کرنے کی روایت ڈالی تاکہ ترقیاتی عمل کے ثمرات بروقت عوام تک پہنچ سکیں‘ وزیراعلیٰ نے ترقیاتی اسکیموں پر عملدرآمد کو یقینی بنانے سے متعلق محکمہ منصوبہ بندی وترقیات کو مانیٹرنگ کانظام بہتر بنانے کی بھی تاکید کی وزیراعلیٰ نے کہا کہ بعض اضلاع میں جاری ترقیاتی اسکیمات کے لئے ایکسیئنز کو فنڈز تو جاری کردیئے جاتے ہیں لیکن وہ یہ فنڈز استعمال کرنے سے اب تک قاصر ہیں جن کے خلاف فوری طور پر قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ترقیاتی عمل کو کسی صورت میں متاثر نہیں ہونے دیا جائے گا اس سے قبل اجلاس کو چیف سیکریٹری بلوچستان نے 77ترجیحی منصوبہ جات، کیپ اسکیمات اور انتظامی محکموں کی کارکردگی سے متعلق امور پر بریفنگ دی جبکہ ایڈیشنل چیف سیکریٹری ترقیات نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ 2020-21 کے ترقیاتی پروگرام میں 1597منصوبے شامل ہیں جن میں سے 1200 منصوبوں کی پی ڈی ڈبلیو پی اور ڈی ایس سی سے منظوری ہوچکی ہے جبکہ 397اسکیمات کی منظوری لینی ہے۔ انہوں نے اجلاس کو صوبائی پی ایس ڈی پی اسٹریٹیجی 2020-21 سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پبلک فنانس مینجمنٹ ایکٹ 2020 نافذالعمل ہوگیا ہے جس کے تحت صرف منظور شدہ منصوبوں کو آئندہ پی ایس ڈی پی میں شامل کیا جائے گا ترقیاتی منصوبوں کے لئے فنڈز کی اتھرائزیشن اور اجراء کے حوالے سے بھی اجلاس کو آگاہ کیا گیااجلاس کو فیڈرل پی ایس ڈی پی کے تحت نئی اور جاری اسکیمات سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی اجلاس کو ڈویژنل کمشنروں نے بذریعہ وڈیو لنک اہم نوعیت کے ترقیاتی منصوبوں اور اسپورٹس کمپلیکس کی تعمیر کے منصوبوں کے حوالے سے بھی بریف کیا وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل ہر صورت یقینی بنائی جائے اجلاس میں صوبائی وزیر مواصلات وتعمیرات میر عارف جان محمد حسنی، صوبائی وزیر پی ایچ ای نورمحمد دمڑ، صوبائی مشیر کھیل وثقافت عبدالخالق ہزارہ، پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات محترمہ بشری رند، چیف سیکرٹری بلوچستان کیپٹن ریٹائرڈ فضیل اصغر، ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبہ بندی وترقیات عبدالرحمن بزدار، سیکرٹری اطلاعات شاہ عرفان غرشین، متعلقہ محکموں کے سیکریٹریز، کمشنر کوئٹہ اور ڈویژنل کمشنروں نے بذریعہ وڈیو لنک شرکت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں