کورونا ويکسين: امير ملکوں کی غريب ملکوں کو منصفانہ تقسيم کی يقين دہانی

جی ٹوئنٹی سمٹ ميں ترقی يافتہ ملکوں کے سربراہان نے غريب ملکوں کے ليے کورونا کی ويکسين کی منصفانہ تقسيم و فراہمی کی يقين دہانی کرائی ہے۔ اس اجلاس سے اپنے خطاب ميں جرمن چانسلر انگيلا ميرکل نے عالمی سطح پر تعاون پر زور ديا۔
ترقی يافتہ ممالک کے گروپ ‘جی ٹوئنٹی‘ کے رکن ملکوں کے سربراہان نے اس بات کی يقين دہانی کرائی ہے کہ کورونا سے بچاؤ کی ويکسين، ٹيسٹ کٹس و ديگر ادويات کی غريب ملکوں کو فراہمی منصفانہ بنيادوں پر کی جائے گی تاکہ وبا سے نمٹنے ميں ان کی بھی مدد ہو سکے۔ اس سربراہی اجلاس کے مشترکہ بيان ميں کہا گيا ہے کہ تمام ملکوں کے ليے مناسب قيمت پر ويکسين کی فراہمی ممکن بنانے کے ليے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔
ترقی يافتہ ممالک کے گروپ ‘جی ٹوئنٹی‘ کی اس سمٹ کی ميزبانی اس برس سعودی عرب کر رہا ہے۔ يہ اجلاس ہفتہ 21 نومبر کو شروع ہوا۔ اس موقع پر ميزبان ملک کے بادشاہ سلمان نے تقرير کرتے ہوئے کہا کہ وبا کے دور ميں مل کر کام کرتے ہوئے اميد کا پيغام دينے کی اشد ضرورت ہے۔ کئی ديگر سربراہان نے بھی کورونا کی عالمی وبا سے نمٹنے کے ليے مشترکہ لائحہ عمل پر زور ديا۔ يہ سمٹ ويڈيو کانفرنس کے ذریعے ہو رہی ہے تاہم سعودی حکام نے رياض ميں ايک تاريخی جگہ کو اس کا مقام قرار دے رکھا ہے جہاں شرکاء کی تصاوير وغيرہ نصب ہيں۔ پہلے دن شرکاء نے عالمی وبا سے نمٹنے اور عالمی سطح پر اقتصاديات کی بحالی پر بات چيت کی۔


يہ امر اہم ہے کہ سعودی عرب کے انسانی حقوق سے متعلق ريکارڈ کے تناظر ميں کئی ممالک کو اس کانفرنس کے وہاں انعقاد پر اعتراضات بھی تھے۔
يورپی يونين نے جی ٹوئنٹی کے رہنماؤں پر زور ديا کہ ويکسين کی تياری کے ليے جاری منصوبوں کی مد ميں اضافی فنڈنگ فراہم کی جائے۔ يورپی کميشن کی صدر اُرزلا فان ڈير لائن نے ٹوئٹر پر لکھا کہ انہوں نے
‘ايکسس ٹو کووڈ انيس ٹولز‘ (ACT) کی مد ميں اس سال کے آخر تک ساڑھے چار بلين ڈالر کی سرمايہ کاری کا مطالبہ کيا ہے۔ ان رقوم سے کووڈ انيس کی ٹيسٹ کٹس، ويکسين اور ديگر ادويات دنيا بھر ميں فراہم کی جا سکيں گی۔
جرمن چانسلر انگيلا ميرکل نے اس کانفرنس سے اپنے خطاب ميں اعلان کيا کہ اس فنڈ ميں جرمنی پانچ سو ملين يورو کی امداد فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے ديگر امير ملکوں پر بھی زور ديا کہ وہ اپنے اپنے حصے کی امداد فراہم کريں۔ ميرکل نے وبا سے نمٹنے ميں عالمی سطح پر يکجہتی پر زور ديا۔
روسی صدر ولاديمير پوٹن نے داخلی سطح پر تيار کردہ ‘اسپٹنک وی‘ نامی ويکسين فراہم کرنے کی پيشکش کی اور يہ بھی بتايا کہ روس ميں دو مزيد ويکسينز پر کام جاری ہے۔ چينی قيادت نے بھی اپنی تيار کردہ ويکسين کی فراہمی کی پيشکش کی۔ صدر شی جن پنگ نے بتايا کہ چين ميں پانچ ويکسين آزمائش کے آخری مراحل ميں ہيں اور کاميابی کی صورت ميں وہ يہ ويکسين جہاں جہاں درکار ہو، فراہم کرنے کے ليے تيار ہيں۔
اس کانفرنس ميں اپنے مختصر خطاب ميں امريکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وبا کے اقتصاديات پر پڑنے والے نتائج سے نمٹنے کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ تاہم ‘ايکسس ٹو کووڈ نائنٹیں ٹولز‘ (ACT) کی مد ميں امريکا کی جانب سے کسی قسم کی امداد کا ذکر نہيں کيا گيا۔
اقوام متحدہ کے سيکرٹری جنرل انٹونيو گوٹيرش نے جی ٹوئنٹی سمٹ ميں اپنے خطاب کے دوران کہا کہ ترقی پذير، قرض کے بوجھ تلے دبی ہوئی اور غريب رياستوں کو وبا کے معاشی نتائج سے نمٹنے ميں مشکل پيش آئے گی۔ انہوں نے بتايا کہ غريب ممالک کے ليے قرضوں کی ادائيگياں آئندہ برس کے وسط تک منجمد کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں