لاک ڈاؤن، گھر میں بیٹھ کر مطالعہ کرنا چائیے، حاجی لشکری رئیسانی

کوئٹہ:بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا ہے کرونا وائرس سے پید اہونے والی صورتحال میں ہمیں احتیاطی تدابیر پر عمل کرکے گھروں میں بیٹھ کراپنا وقت ضائع کرنے کی بجائے مطالعہ پر توجہ دینی چائے تاکہ تعلیمی اداروں کی بندش سے ہونے والے نقصان کا ازالہ ہوسکے۔صاحب حیثیت لوگ بحران سے متاثرہ، غرباء مساکین اور اپنے اطراف میں ہمسایوں اور غریب رشتہ داروں کی مدد کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز کرونا وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کو روکنے کے حوالے سے احتیاطی تدابیر سے متعلق لوگوں کو آگاہی فراہم کرنے کے موقع پر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے مزید کہا کہ کرونا وائرس ایک بین الاقوامی وباء ہے یقینا کچھ عرصہ بعد یہ بات عیاں ہوجائیگی کہ یہ وباء کہاں سے پھوٹ پڑی اور کیسے اس نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تاہم وباء سے پیدا ہونے والی صورتحال میں ہمیں بین الاقوامی معیار کے مطابق تعین کردہ احتیاطی تدابیرکی پابندی کرکے اپنے پسماندہ اور غریب سماج کے لوگوں کو ایک بہت بڑی آفت سے محفوظ رکھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورنا وائرس سے محفوظ رہنے کا واحد حل یہ ہے کہ لوگ اپنے گھروں تک محدور رہ کر زیادہ ہجوم والی جگہوں پر جانے سے اجتناب برتیں تاہم گھروں میں بیٹھ کا اپنا وقت ضائع کرنے کی بجائے اس وقت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے مطالعہ اور کتب بینی پر توجہ دیکر اپنے علم اور معلومات میں اضافہ کریں تاکہ ایک ایسے وقت میں جب ہمارے، سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے سرکاری دفاتر بنداور تمام تر معاملات مفلوج ہیں اس سے ہونے والے نقصانات کا ازالہ ممکن ہوسکے۔ انہو ں نے کہا کہ اس وقت کورونا وائرس سے پوری دنیا مقید ہوکر رہ گئی ہے ایسے میں ہمیں کتب بینی اور علم پر توجہ دیتے ہوئے دوبارہ سے ایک آزاد دنیا میں قدم رکھنے کی ضرورت ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پوری دنیا خصوصاً پاکستان کو کورونا وائرس کی شکل میں جس بحران کا سامنا ہے اس بحران سے ہم آپسی اتحاد اور یکجہتی سے نکل سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صاحب حیثیت افراد کوشش کریں کہ اس بحران سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے افراد، غرباء اپنے اطراف ہمسایوں اور غریب رشتہ داروں کی مدد کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں