جلسوں کی کامیابی سے حکومت بوکھلاہٹ کا شکا رہے،جمال شاہ کاکڑ
کوئٹہ: پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی جنرل سیکرٹری و سابق اسپیکر جمال شاہ کاکڑ نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کے جلسوں کی کامیابی نے حکومت کو بوکھلاہٹ کا شکا ر کردیا ہے، عوام نے حکومت کے جانے کا فیصلہ سنادیا ہے اب حکومت اپنی خفت چھپانے کے لئے پی ڈی ایم کی قیادت کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے،پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے قائدین نہ پہلے جیلوں اور کیسز سے مرعوب ہوئے اور نہ ہی آئندہ ہونگے، مسلم لیگ(ن) کے کارکن پی ڈی ایم کے 4اور 6دسمبر کے مظاہروں میں بھر پور انداز میں شرکت کریں گے۔ یہ بات انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہی، جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ پی ڈی ایم ملک میں حقیقی جمہوریت، آئین کی بالادستی،پارلیمنٹ کے تقدس کے لئے قائم ہونا والا اتحاد ہے اب تک پی ڈی ایم کے چار جلسوں نے حکومت کے اوسان خطاء کردئیے ہیں جلسوں میں عوامی شمولیت اور بھر پور پذیرائی سے حکومت سے خوفزدہ ہے ملتان کے جلسے سے قبل اور اس کے بعد جو کچھ ہو رہا ہے اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے، انہوں نے کہا کہ سوا دو سالوں میں عوام کو مسائل کی دلدل میں دھکیل دیاگیاہے عوام غربت، مہنگائی، بے روزگاری،ذخیرہ اندوزی سے پریشان ہیں حکومت عوام مسائل کرنے میں یکسر ناکام ہے اور اب اسے معلوم ہوچکا ہے کہ وہ زیادہ دن نہیں چل سکتی جس کے بعد حکومتی وزراء اور ترجمانوں نے بیانات اور حکومت کے عمل سے واضح ہے کہ وہ پی ڈی ایم کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنا چاہتے ہیں لیکن پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے قائدین نہ پہلے کبھی جیلوں اور کیسز سے ڈرے نہ ہی آئندہ کبھی مرعوب ہونگے، انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم تحریک ضرور کامیاب ہوگی اور حکومت اپنے انجام کو پہنچنے والی ہے 4اور 6دسمبر کے احتجاجی مظاہروں میں مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے کارکن بھی پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے ہمراہ پھر پور احتجاج ریکارڈ کروائیں گے


