بلوچستان کے 9اضلاع میں پی سی آر لیبارٹریز تعمیر کئے جائیں گے،جام کمال
کوئٹہ:وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہاہے کہ بلوچستان کے 9اضلاع میں پی سی آر لیبارٹریز تعمیر کئے جائیں گے جہاں کورونا وائرس کے ساتھ دیگر ضروری ٹیسٹ ہوسکیں گے،11اضلاع کے ڈی ایچ کیوز کو ٹیچنگ ہسپتالوں کا درجہ دیاگیاہے جس کیلئے50ملین روپے مختص کئے گئے ہیں محکمہ صحت میں افرادی قوت کی کمی کو پورا کرنے کیلئے بھرتیاں کی جارہی ہے جس سے بے روزگاری کی شرح میں کمی واقع ہوگی،انسانی خدمت کے جذبے سے سرشار فاطمہ جناح جنرل اینڈ چیسٹ ہسپتال کے طبی ونیم طبی عملے کی کارکردگی قابل تحسین ہے،حکومت بلوچستان صوبے میں صحت،تعلیم کے ساتھ ستھ سیاحت کے فروغ کیلئے موثراقدامات کررہی ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے بیان میں کیا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہاکہ حکومت بلوچستان نے صوبے کے 9اضلاع میں پی سی آر لیبارٹریز کااشتہار دیاہے صوبے میں کورونا وائرس کے ٹیسٹنگ کووسعت ملے گی بلکہ دیگر ضروری ٹیسٹ بھی ہوسکیں گے بلکہ پی سی آر لیبارٹریز کو اضلاع کی سطح پر لے جائیں گے،محکمہ صحت میں اصلاحات لائے جارہے ہیں اس سلسلے میں صوبے کے 11ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتالوں کو ٹیچنگ ہسپتالوں کا درجہ دیا گیاہے جس کیلئے 50ملین روپے مختص کئے گئے ہیں بلکہ اس حوالے سے پروکیورمنٹ کمیٹیاں بھی ڈویژنل سطح پر تشکیل دے دی گئی ہے،انہوں نے کہاکہ پہلے 8اضلاع جن میں ژوب،قلعہ عبداللہ،سبی،نصیرآباد،قلات،نوشکی،جام غلام قادر ہسپتال حب اور پنجگور کے ڈی ایچ کیوز کو ٹیچنگ ہسپتال کا درجہ دیاگیاتھا اب مزید تین نئے اضلاع لورالائی،کیچ اور ضلع خضدار کے ڈی ایچ کیوز ہسپتالوں کو بھی ٹیچنگ ہسپتالوں کا درجہ دیاگیاہے،انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں صحت کے شعبے میں بہتری اور عوام کو سہولیات کی فراہمی کیلئے صحت کے شعبے میں بھرتیوں کا بھی اعلان کیاگیاہے جو بے روزگاری کے خاتمے میں مددگار ثابت ہوگی،انہوں نے کہاکہ انسانی خدمت کے جذبے سے سرشار فاطمہ جناح جنرل اینڈ چیسٹ ہسپتال کے طبی ونیم طبی عملے کی کارکردگی پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ ہسپتال کا عملہ پہلے دن سے بہتر کام کررہی ہے،بلکہ اس سلسلے میں نئے وارڈز بھی اسٹیبلش کئے گئے ہیں،وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر میانی کے پانی ڈولفن کی تیراکی کے خوبصورت نظارے کی ویڈیو شیئر کی اورکہاکہ حکومت بلوچستان صوبے میں سیاحت کے فروغ کیلئے موثراقدامات کررہی ہے۔


