عمران خان آج سترہ ارب روپے کے ترقیاتی پیکج کا اعلان کرینگے، عثمان ڈار
اسلام آباد:وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان(آج) بدھ کو سترہ ارب روپے کے ترقیاتی پیکج کا اعلان کرینگے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ سیالکوٹ کے شہریوں کیلئے اچھی اور بڑی خبر ہے، وزیراعظم تاریخی پیکج کے اعلان کیلئے سیالکوٹ آ رہے ہیں، وزیراعظم 17 ارب روپے کے ترقیاتی پیکج کا اعلان کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ ائیر لائین کے ساتھ ساتھ 5 ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کیا جائیگا،پہلے مرحلے میں 4 لاکھ شہریوں کو پینے کا صاف پانی مہیا کیا جائیگا، سیالکوٹ میں اسٹیٹ آف دی آرٹ سٹوریج سسٹم کا آغاز ہونے جا رہا ہے۔عثمان ڈار نے کہاکہ شہریوں کے دیرینہ مسئلے کے حل کیلئے ٹریفک ری انجینئرنگ منصوبہ شروع ہوگا، عثمان ڈار نے کہاکہ کلین گرین پاکستان منصوبے کے تحت 5 نئے پارکس قائم کئے جائیں گے، ویژن 2050 کے تحت اگلے 30 سال کی ماسٹر پلاننگ کی منظوری دی جائیگی، سیالکوٹ ہر سال 10 ارب روپے کا ٹیکس قومی خزانے میں جمع کروا رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ سیالکوٹ ڈھائی ارب روپے کی ایکسپورٹ سے ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہا ہے،ماضی میں منتخب حکمرانوں نے شہر کی تعمیر و ترقی کو بری طرح نظر انداز کیا، تاریخی پیکج کی منظوری پر وزیراعظم کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہیں، 17 ارب روپے پر مشتمل پیکج سیالکوٹ کیلئے گیم چینج ثابت ہوگا۔


