سپریم کورٹ کے آبزرویشن کے بعد نیب کو برقرار رکھنے کا کوئی جواز نہیں،نیشنل پارٹی
کوئٹہ:نیشنل پارٹی کے صوبائی ترجمان نے سپریم کورٹ کی جانب سے نیب کی مسلسل سرزش کو سیاسی جماعتوں کے موقف کی تائید قرار دیتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کے آبزرویشن کے بعد نیب کو برقرار رکھنے کا کوئی جواز نہیں کیونکہ اس کو ایک آمر نے سیاسی وفاداریاں تبدیل کرنے کے لیے بنایا تھا اور آج بھی اس سے یہی کام لیا جارہا ہے،انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں جعلی اکانٹس کیس میں سپریم کورٹ نے من پسند گرفتاریوں پر سوال اٹھا کر قرار دے چکی ہے کہ کچھ جگہوں پر نیب کے پر جلتے ہیں،اور یہی جمہوری قوتیں بھی کہہ رہی ہیں، انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی احتساب کے خلاف نہیں لیکن احتساب کے نام پر انتقام اور کردار کشی کی اجازت نہیں دیگی،انہوں نے کہاکہ نیب سلیکٹیڈ کے اشاروں پر جموریت پسند رہنماں کو بدنام کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے،پہلے الزام لگا کر میڈیا ٹرائل کیا جاتا ہے،اور جب عدالت میں ثبوت مانگا جاتا ہے تو نیب کے پاس کوئی جواب نہیں ہوتا اور وہ وقت پروقت مانگ کر عدالت کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کرتا ہے،انہوں نے کہا کہ موجودہ وفاقی سلیکٹیڈ حکومت ہو یا صوبائی سر سے پاں تک کرپشن میں ڈوبی ہوئی ہے،سکینڈل پر سکینڈل آرہے ہیں میرٹ کو پامال کیا جارہا ہے لیکن نام نہاد احتساب کے اداروں نے آنکھیں اور کان بند کررکھے ہیں،کیونکہ بندے تابعدارہیں،انہوں نے کہا کہ نواب اسلم رئیسانی،حاجی لشکری رئیسانی کے خلاف 7سال اور نیشنل پارٹی کے صوبائی نائب صدر رحمت صالح بلوچ کے خلاف 3سال بعد ریفرنس سیاسی انتقام کے سوا کچھ بھی نہیں، نیشنل پارٹی کو گزشتہ اسمبلی میں حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد میں ساتھ نہ دینے پر انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ الیکشن 2018 میں نیشنل پارٹی کی جیت کو ہار میں تبدیل کیا گیا اور اب نیشنل پارٹی کو جمہوریت کے استحکام کی جدوجہد کے بعداحتساب کے نام پر بدنام کیا جارہاہے،رحمت صالح بلوچ کے خلاف جھوٹا ریفرنس اس کا ثبوت ہے۔نیشنل پارٹی ایسے اقدامات سے مرعوب نہیں ہوگی اور ڈٹ کر مقابلہ کریگی۔انہوں نے کہا کہ بلوچ افسران کو بھی انتقام کانشانہ بنانا شروع کردیا گیاہے،جس کی ہم سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کی جانب سے سینٹ میں نیب کی احتساب کی بات کی صرف بھرپور حمایت کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ جمہوری سیاسی جماعتیں نیب کے سیاسی انتقام اور شریف لوگوں کی پگڑیاں اچھالنے کے منفی عمل کو عوام کے سامنے آشکار کرتے رہے گے۔انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی کو عدالتوں پر اعتماد ہے اور امید ہے کہ وہ سعدرفیق کیس کی طرح رحمت بلوچ کے کیس میں بھی انصاف کا بول بالا کرئے گی۔


