پی ڈی ایم کیخلاف میڈیا کے ذریعے سازشیں پھیلائی جارہی ہیں، بلاول بھٹو
ٹھٹہ :پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم) حقیقی اور عوامی نمائندہ، جمہوریت پسند تحریک چلانے جارہی ہے اور اس کے خلاف سازشی اور غیر جمہوری طاقتوں کی جانب سے جان بوجھ کر میڈیا کے ذریعے سازشیں پھیلائی جارہی ہیں۔
ساتھ ہی انہوں نے میڈیا سے اپیل کی کہ ‘حکومتی وزرا کی سازش اور پروپیگنڈے’ کو زیادہ جگہ نہ دے، انہوں نے کہا کہ ہم جانتے ہیں میڈیا کے کیمروں میں بڑی طاقت ہے، اتنی طاقت ہے کہ جب عمران خان اسلام آباد میں خالی کرسیوں سے خطاب کررہے تھے آپ اسے انقلاب کی طرح پیش کررہے تھے۔
ٹھٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی جیت پیپلز پارٹی کی جیت اور پیپلز پارٹی کی جیت پی ڈی ایم کی جیت ہے اس لیے ہم ایک ہیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ عوام کو گیس، بجلی بلز اور کھانے پینے کی اشیا کا بوجھ صرف اس لیے اٹھانا پڑ رہا ہے کہ ہم پر ‘ناجائز، نااہل وزیراعظم’ مسلط کیا گیا ہے۔