درہ آدم خیل میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والے تبلیغی جماعت کے دو افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق

کوہاٹ:کوہاٹ کے قبائلی سب ڈویژن درہ آدم خیل میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والے تبلیغی جماعت کے دو افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی جس کے ساتھ کوہاٹ ڈویژن میں کورونا وائرس سے متاثرہ مصدقہ مریضوں کی تعداد پانچ ہوگئی۔ کئی روز پہلے یہ بازگشت ہورہی تھی کہ قبائلی سب ڈویژن درہ آدم خیل کے علاقے اخوروال میں باہر سے آئی تبلیغی جماعت کے دو ارکان 34 سالہ محمد طاہر اور 19 سالہ محمد اسحاق میں کورونا وائرس کی علامات ظاہر ہونے پر دونوں کو ڈویژنل ہیڈکوارٹر ہسپتال کے ڈی اے میں قائم آئسولیشن وارڈ میں داخل کردیا گیا تھا اور ان کے نمونے اسلام آباد لیبارٹری بھجوائے گئے تھے۔ گزشتہ شام دونوں کی رپورٹس مثبت آئیں اور دونوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی۔کورونا کے فوکل پرسن ڈاکٹر ہارون کے مطابق ضلع بھر سے 19 مشتبہ کیس آئے ہیں جن میں سات کے رزلٹ نیگیٹو، دو کے پازیٹیو اور دس افراد کے رزلٹ آنا باقی ہے۔ ادھر معلوم ہوا ہے کہ تبلیغی جماعت کے متاثرہ دونوں افراد کا تعلق بلوچستان ہے جبکہ جماعت میں شامل دیگر 12 افراد کو بھی قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔ضلع کوہاٹ میں دو افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد کوہاٹ ڈویژن میں مجموعی تعداد پانچ ہوگئی ہے جن میں دو کرک اور ایک اورکزئی میں ہے جبکہ اب تک کل 45 مشتبہ افراد کے ٹیسٹ کئے گئے ہیں جن میں اکثر کے نتائج آنا باقی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں