میٹرو بس کا ٹھیکہ دینے کے بیان پر کمپنی نے شہباز گل پر مقدمہ کردیا

لاہور کی میٹرو بس کا ٹھیکہ دینے کے بیان پر کمپنی نے وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی رابطہ کار شہباز گِل کے خلاف ہرجانے کا دعویٰ کردیا۔
لاہور کے ایڈیشنل سیشن جج چوہدری ذوالفقار نے ہرجانے کے دعوے پرسماعت کی اور شہباز گل بھی عدالت میں پیش ہوئے۔
شہباز گل کے وکلا نے وکالت نامہ جمع کرایا جبکہ عدالت نے شہبازگل کو درخواست کی کاپی فراہم کرتے ہوئے سماعت 16 جنوری تک ملتوی کردی۔
قبل ازیں عدالت میں پیشی کے موقع پر مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں نے شدید نعرے بازی کی اور ’آٹا و چینی چور‘ کے نعرے لگائے۔ْ
دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے لیگی کارکنوں پر اپنی گاڑی پر حملے کا الزام عائد کردیا۔
پریس کانفرنس میں کہا کہ ن لیگ دور کے میں میٹروبس پروجیکٹ کیلئے ایک ہی کمپنی آئی اور اُس نے اپنی مرضی کا ریٹ بڈ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ باہر کی کمپنی نے 3.80 ڈالرفی کلومیٹر کا کرایہ لیا، ہم نے نئی کمپنی کو 1.86 ڈالر کے ریٹ پر ٹھیکا دیا، پہلے زیادہ ریٹ لینے والی کمپنی بھی اسی قیمت پر کام کرنے کیلئے تیار ہے۔
شہباز گل نے کہا کہ حقائق سامنے لانے پر شہباز شریف کی من پسند کمپنی نے ان پرکیس کردیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں