لاک ڈاؤن، عوام گھروں میں رہیں، سردار یار محمد رند

کوئٹہ:۔صوبائی وزیر تعلیم و ہائیر اینڈ ٹیکنیکل ایجوکیشن سردار یار محمد رند کا چیف سیکرٹری بلوچستان فضیل اصغر اور ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے سے ٹیلی فون پر رابطہ کیاصوبے میں کرونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ صوبے میں لاک ڈاؤن کے بعد کی صورتحال اور دیہاڑی دار طبقے کے لئے ریلیف پیکج کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کی گئی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ مصیبت کی اس گھڑی میں صوبائی حکومت کے اقدامات پر عوام کا اعتماد اس بات کا مظہر ہے کہ صوبے کے عوام کرونا وائرس کے خلاف جنگ میں حکومت کے ساتھ کھڑی ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ وہ وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان اور وزیر اعظم عمران خان سے رابطے کی کوشش کررہے ہیں تاکہ صوبے میں جاری لاک ڈاؤن اور کرونا وائرس کے نقصانات کے ازالے کیلیے عوام کو فوری ریلیف دیا جاسکے۔ انہوں چیف سیکرٹری بلوچستان فضیل اصغر سے ہرنائی میں حالیہ سیلاب کے نقصانات پر بھی تفصیل سے بات چیت کی اور حکومت کی جانب سے کیے گئے اقدامات کے حوالے سے معلومات حاصل کی۔ چیف سیکرٹری بلوچستان فضیل اصغر نے صوبائی وزیر کو یقین دلایا کہ حالیہ بارشوں سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیکر فوری طور پر متاثرین کی امداد کیلیے اقدامات کیے جائیں گے۔ صوبائی وزیر سردار یار محمد رند نے چیف سیکرٹری سے کرونا وائرس سے ہونے والے نقصانات اور تدارک کے لئے اٹھائے گئے حکومتی اقدامات کی تفصیل معلوم کیں اور دیہاڑی دار طبقے کی دادرسی کے لئے صوبائی حکومت کی جانب سے مرتب کردہ حکمت عملی پر بھی بات چیت کی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے کہا کہ پوری قوم مشکل کی اس گھڑی میں اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے کرونا جیسے وباء کے خلاف جنگ میں حکومت کے ہاتھ مضبوط کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام لاک ڈاؤن کو کامیاب بنانے کے لئے اپنے گھروں میں رہیں۔ اپنے اور اپنے پیاروں کی زندگیوں کی حفاظت کے لئے حکومت اور عالمی ادارہ صحت کی دی گئی ہدایات پر عمل کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں