ڈاکٹروں کے کورونا سے متاثر ہونے کے باوجود حکومت سامان فراہم نہیں کر رہی، ینگ ڈاکٹرز
کوئٹہ:ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان کے ترجمان ڈاکٹر رحیم خان بابر کے جاری کردہ ایک بیان کیمطابق حالیہ طور پر کورونا وائرس سے متاثرہ 2 ڈاکٹرز کے رپورٹس مثبت آئے ہیں،جنہیں شیخ زید ہسپتال اور ہوم آئسولیشن میں رکھا گیا ہے ڈاکٹروں میں مثبت کیسز کا سامنے آنے کے بعد بھی نااہل،ناکام اور بے حس حکومت صوبے کے ہسپتالوں میں پرسنل پروٹیکٹیو ایکویپمنٹس،اور ڈیسپوزیبل گلوز،ماسکس تک فراہم نہ کرسکیں صوبے کے ویران اور کھنڈرات نما ہیلتھ یونٹس میں آج بھی ڈاکٹرز و پیرامیڈیکل اسٹاف بغیر کسی پرسنل پروٹیکشن کے اس صوبے کی عوام کیلئے اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں،ترجمان نے کہا کہ قرنطینہ سینٹرز میں پچھلے 20 دنوں سے ڈیوٹیز سرانجام دینے والے ڈاکٹرز و پیرامیڈیکل اسٹاف کی فی الفور سکریننگ کرکے ان کی جگہ وزیراعلی بلوچستان کے ایگزیکٹیو آرڈرز کے تحت کنٹریکٹ ڈاکٹرز کی مستقلی کے احکامات جاری کرتے ہوئے انہیں تعینات کیا جائیں،ترجمان نے واضع کیا کہ موجودہ سیکریٹری اور سپیشل سیکریٹری صحت موجودہ ایمرجنسی صورتحال کو کنٹرول کرنے اور صوبے کے ٹرشری کیئر ہسپتالوں تک کو سہولیات فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکے ہیں،لہذا وزیراعلی بلوچستان حالات کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے صوبے کے ہسپتالوں کا از خود دورہ کرتے ہوئے وہاں ڈیوٹی پر مامور ڈاکٹرز و پیرامیڈیکل اسٹاف کی بے بسی اور محکمہ صحت کی نااہلی کے خلاف عملی اقدامات اٹھائیں ترجمان نے کہا کہ ڈاکٹروں کے سکریننگ ٹیسٹس جاری ہیں مثبت ریزلٹس آنے پر دیگر صوبوں کی طرح ڈاکٹروں کو ہوم کوارنٹین و آئسولیشنز میں رکھنے کو ترجیع دی جائیگی،ترجمان نے عوام سے پرزور اپیل کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت اور محکمہ صحت حالات کو کنٹرول کرنے اور ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کو سہولیات دینے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکے ہیں لہٰذاموجودہ حالات کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے غیر ضروری طور پر گھروں سے نکلنے سے گریز کریں باقاعدہ طور پر صفائی کا خیال رکھنے کیساتھ ساتھ معمولی نوعیت کی بیماریوں کی صورت میں ہسپتالوں کا رخ کرنے کے بجائے ینگ ڈاکٹرز کے جاری کئے گئے تمام سپیشلٹیز کے ڈاکٹروں کے نمبرز پر رابطہ کرکے ان کی خدمات حاصل کریں۔