راشن کی فراہمی کے منصوبے کوآئندہ ہفتے حتمی شکل دی جائے گی، ایم ڈی یوٹیلیٹی اسٹورز

اسلام آباد ، ایم ڈی یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن عمر لودھی نے کہا کہ وزیراعظم ریلیف پیکج کے تحت مزدوروں اور یومیہ دیہاڑی پر کام کرنے والوں کو راشن کی فراہمی کے منصوبے پر کام جاری ہے، آئندہ ہفتے اس پیکج کو حتمی شکل دے دی جائے گی۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ایم ڈی یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن عمر لودھی نے بتایا کہ کورونا کے باعث بے روزگار اور مستحق افراد کی ڈیٹا انٹری کے لیے پورٹل تیار کرنے کی تجویز پر کام کیاجا رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ڈیلی ویجز پر کام کرنے والوں اور مزدوروں کو ترجیح دی جائے گی اور منصوبے پر وزیراعظم کے احکامات کے مطابق عمل کیا جائے گا۔وزیراعظم عمران خان کے اعلان کردہ 50 ارب روپے کے فنڈ میں سے یوٹیلیٹی اسٹورز کی جانب سے مزدوروں اور یومیہ دیہاڑی پر کام کرنے والوں کو ماہانہ تین ہزار روپیکا راشن فراہم کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں