براڈشیٹ معاملے پر جلد دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائیگا، شاہ محمود قریشی
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ براڈ شیٹ معاملے پر وزیر اعظم نے کمیٹی قائم کردی ہے اور جلد دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا۔ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بھارت کہتا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے حالات معمول کی طرف لوٹ آئے ہیں جبکہ پاکستان کہتا ہے کہ وہاں آج بھی جبر جاری ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ‘آج برطانوی پارلیمنٹ ہماری بات کی تائید کر رہے ہیں، یورپی پارلیمنٹ میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر آواز اٹھ رہی ہے’۔انہوں نے کہا کہ امریکا کی آنے والی نئی انتظامیہ نے ہمیشہ انسانی حقوق کی بات کی ہے اور ہمیں توقع ہے کہ وہ کشمیر کے مسئلے پر وہ بھارت کو تنبیہ کریں گے اور وہاں کی عوام کے لیے آسانی پیدا کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ براڈ شیٹ کے معاملے پر وزیر اعظم نے ایک کمیٹی قائم کردی ہے جو سارے معاملات کی تفتیش کر رہی ہے اور دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی سامنے آجائے گا۔


