کوروناکے باعث وفات پانے والے میجر(ر) الیاس کی تدفین کر دی گئی
ایبٹ آباد میں وفات پانے والے میجر ریٹائرڈ محمد الیاس کی نماز جنازہ اور تدفین محکمہ صحت کے حکام کی جانب سے بتائے گئے پروٹوکول کے مطابق ادا کردی گئی ہے۔ جبکہ پاکستان میں یہ کرونا وائرس کے نتیجے میں فوج سے وابستہ افراد کی پہلی موت سمجھی جا رہی ہے۔ میجر ریٹائرڈ محمد الیاس کی عمر 78 برس تھی۔ریٹائرڈ میجر کے بھتیجے سردار مجتبیٰ کا خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میجر ریٹائرڈ الیاس گزشتہ کچھ دنوں سے بیماری کے باعث ہسپتال میں زیرعلاج تھے۔ تاہم بعد میں ان میں کرونا وائرس کی بھی تصدیق ہوئی تھی جس کے باعث وہ جانبر نہ ہو سکے۔ ان کے بھتیجے کے مطابق وہ پہلے سے ہی شوگر سمیت مختلف بیماریوں کا شکار تھے۔دوسری جانب انتقال کرنے والے ریٹائرڈ میجر کے بہت ہی قریبی اور پاک فوج کے پرانے ساتھی کرنل ریٹائرڈ سردار شبیر احمد کا خبر رساں ادارے کو بتانا تھا کہ الیاس 38 بلوچ رجمنٹ میں ان کے یونٹ آفیسر رہے ہیں جبکہ وہ 1971 کی جنگ میں جنگی قیدی بھی رہے ہیں۔ تاہم بعد میں انہوں نے ملیر کینٹ میں یونٹ جوائن کی اور وہاں فرائض انجام دینے شروع کر دئیے جبکہ وہ 56 بلوچ رجمنٹ میں بھی بطور آفیسر کام کر چکے ہیں۔