کرونا کے خوف سے ایک اورایرانی جیل میں بغاوت، 80قیدی فرار
تہران,سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے ایک وڈیو کلپ میں ایران کے مغربی صوبے کردستان میں ایک جیل سے درجنوں قیدیوں کے فرار کا منظر دکھایا گیا ہے۔ میڈیارپورٹس کے مطابق یہ واقعہ سقز شہر میں پیش آیا۔ کرونا وائرس کے خوف سے گذشتہ دو ہفتوں کے دوران ایرانی جیلوں میں قیدیوں کی جانب سے بغاوت کا یہ چوتھا واقعہ سامنے آیا۔ مذکورہ خوف کی وجہ جیلوں میں کئی قیدیوں کا کرونا وائرس سے متاثر ہو کر وفات پانا ہے۔ مصدقہ معلومات ہیں کہ بغاوت کے دوران 80 قیدی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ نیوز ایجنسی نے عینی شاہدین کے حوالے سے بتایا کہ فرار ہونے والے بعض قیدی شہریوں کی مرضی یا زبردستی ان کی گاڑیوں میں سوار ہو کر جیل سے دور چلے گئے۔ اس دوران قیدیوں کا دوسرا حصہ جیل کے اطراف تنگ گلیوں سے گزر کر مرکزی شاہ راہوں میں داخل ہو گیا۔ یہ لوگ شہر میں روپوش ہونے میں کامیاب رہے۔ گذشتہ دو ہفتوں کے دوران تبریز، خرم آباد اور اولیگودارز کی جیلوں میں بھی اسی نوعیت کی بغاوت دیکھنے میں آئی۔