کورونا وائرس، متاثرین کی تعداد 1566، اموات 16ہوگئیں
اسلام آباد ,ملک میں کورونا وائرس سے مزید 3 افراد چل بسے جس کے بعد اس جان لیوا وائرس سے انتقال کرنے والوں کی تعداد 16 ہو گئی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق دو اموات کراچی اور ایک ایبٹ آباد کے ہسپتال میں ہوئی ہے۔محکمہ صحت کے ترجمان نے سندھ میں کورونا وائرس سے 2 ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ دونوں افراد نمونیہ اور کورونا وائرس سے جاں بحق ہوئے ہیں۔ترجمان محکمہ صحت کے مطابق جاں بحق دونوں افراد کراچی کے رہائشی ہیں۔جاں بحق ہونے والے دونوں مرد حضرات کی عمریں 83 سال اور 70 سال تھیں اور وہ کراچی کے رہائشی تھے۔اس سے قبل کورونا سے انتقال کرنے والا پہلا مریض بھی کراچی کا رہائشی 77 سالہ شخص تھا جو کینسر، ذیابطیس اور بلڈ پریشر کے امراض میں بھی مبتلا تھا،ان دو نئی ہلاکتوں کے بعد اب تک سندھ کے درالخلافہ کراچی میں کورونا وائرس سے 3 اموات ہو چکی ہیں۔ادھر ایبٹ آباد میں انتقال کر نے والا متوفی الیاس ہسپتال میں زیرِ علاج تھا، جو ایک ہفتے قبل ہی تبلیغ سے لوٹا تھا۔آزاد کشمیر میں مزید 4 مریضوں میں کورونا وائرس کی تصدیق کردی گئی، وزیر صحت ڈاکٹر نجیب نقی کے مطابق مزید 4 مریضوں میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد آزاد کشمیر میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 6 ہوگئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ان 4 میں سے 2 مریضوں کا تعلق بھمبر اور 2 کا تعلق میر پور سے ہے، میر پور میں بیرونِ ملک سے آئے ہوئے متاثرہ شخص کے والدین میں بھی کورونا کی تصدیق ہوئی ہے، چاروں مریضوں کے علاقوں کو سیل کر دیا گیا۔ملک میں کورونا وائرس کے مزید 26 کیسز سامنے آگئے جس کے بعد اس وائرس کے مریضوں کی تعداد 1530 ہو گئی، اس موذی وائرس سے اب تک ملک بھر میں 14 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔کورونا وائرس کی پنجاب میں 558 افراد، سندھ میں 481، خیبر پختون خوا میں 188، بلوچستان میں 141، گلگت بلتستان میں 116، اسلام آباد میں 43 اور آزاد کشمیر میں 6 افراد میں تصدیق ہوئی ہیں۔ملک بھر میں اب تک کورونا وائرس کے 28 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں، 11 افراد کی حالت تشویش ناک ہے۔