کوروناآزمائش، مقابلہ پوری قوم نے مل کر کرنا ہے، جنرل(ر) عبدالقادر بلوچ
کوئٹہ, پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر سابق وفاقی وزیر لیفٹیننٹ جنرل(ر) عبدالقادر بلوچ نے کہا ہے کہ مشکل وقت میں بلوچستان کے عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں کورونا وائرس ایک آزمائش ہے جسکا مقابلہ پوری قوم نے ملکر کرنا ہے،ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکس عملے کے لئے مسلم لیگ(ن) کی جانب سے حفاظتی کٹس کی پہلی کھیپ ایک دو روز میں موصول ہو جائیگی جس کے بعد صوبے میں کٹس تقسیم کی جائیں گی، یہ بات انہوں نے اتوار کو مسلم لیگ (ن) کے صوبائی جنرل سیکرٹری سابق اسپیکر جمال شاہ کاکڑ سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی صدر میاں شہباز شریف کی جانب سے 300کٹس کی پہلی کھیپ بلوچستان روانہ کردی گئی ہے جو آئندہ دو روز تک کوئٹہ پہنچ جائیگی یہ کٹس صوبے میں کورونا وائر س کا مقابلہ کرنے والے ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل عملے میں تقسیم کی جائیں گی، انہوں نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں مسلم لیگ(ن) بلوچستان کی عوام کے ساتھ کھڑی ہے صوبے کے عوام کسی بھی صورت اپنے آپ کو تنہا نہ سمجھیں،مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ بلوچستان کے لوگوں کا غم بانٹا ہے اور مستقبل میں بھی بانٹتے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ پارٹی صدر و قائد حزب اختلاف کی جانب سے اپنے ذاتی خرچ پر 600کٹس مہیا کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ مسلم لیگ(ن) ہی بلوچستان کے دکھ درد کا احساس رکھتی ہے اور یہاں کے لوگ کے کام آئیگی ہم نے کورونا وائر س کے قومی ایشو کو ایک قومی مسئلے کے طور پر دیکھتے ہوئے اس پر سیاست کرنے کے بجائے عوام اور حکومت کی مدد کی ہے یہی وجہ ہے کہ آج شریف میڈیکل سٹی کے ہسپتال قرنطینہ مراکز کے لئے وقف کر دئیے گئے ہیں مسلم لیگ(ن) کی قیادت کا یہ یقین ہے کہ سیاست قومی مفادات سے بالاتر ہے کسی بھی قومی مسئلے پر سیاست کے بجائے ہمیں اتفاق اور اتحاد سے اس وباء کو شکست دینے کی ضرورت ہے امید ہے کہ وفاقی حکومت بھی اس بات کا احساس کرتے ہوئے مسلم لیگ(ن) کے صدر میاں شہباز شریف کی تجاویز پر عملد آمد کریگی اور اس وباء سے چھٹکارا حاصل کیا جائیگا