وفاقی حکومت کا ہائی ویز سمیت تمام شاہراہیں کھولنے کا فیصلہ

اسلام آباد ،وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف کورکمیٹی اجلاس میں ہائی ویز سمیت تمام شاہراہیں کھولنے کا فیصلہ کیا گیا۔نجی ٹی وی نے اپنی رپورٹ میں بتایاکہ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پی ٹی آئی کورکمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں ملکی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے قلیل اورطویل مدتی پالیسی پر مشاورت کی گئی اور ملک کی شاہراہیں کھولنے اور مال بردار ریل گاڑیوں کی آمدورفت بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ قوم متحد ہو کر اس آزمائش کا مقابلہ کرے گی، حکومت کی ساری توجہ غریب اور نادار طبقے پر ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت جو بھی حکمت عملی بنا رہی ہے، اس میں دیہاڑی داراور مزدور پہلی ترجیح ہیں۔اجلاس میں تعمیراتی شعبے کے ریلیف پیکج کا اعلان (آج) پیر کو کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ کور کمیٹی نے تجویز دی کہ تعمیراتی صنعت کو ریلیف دے کر آپریشنل کیا جائے، اس سے روزگار سمیت 40 صنعتیں آپریشنل ہوں گی۔کور کمیٹی اجلاس میں وزیر ریلوے کو فوری طور پر اضافی مال گاڑیاں چلانے کی ہدایت کی گئی تاہم مسافر ٹرینیں فی الحال بند رہیں گی۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے ہدایت کی کہ گندم اور دیگر اجناس کی منتقلی کیلئے ریلوے کا استعمال کیا جائے اور ریلوے کی مال بردار گاڑیاں جاری رکھی جائیں

اپنا تبصرہ بھیجیں