احتساب کے نام پر صرف اپوزیشن رہنماؤں سے انتقام لیاجا رہا ہے،مولانا واسع

کوئٹہ : جمعیت علما اسلام کے صوبائی امیر ورکن قومی اسمبلی مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ احتساب کے نام پر صرف اپوزیشن رہنماؤں سے انتقام لیاجا رہا ہے چھ سال سے حکمران جماعت فارن فنڈنگ کیس میں حکم امتناع کے پیچھے چھپی ہے۔سلیکٹڈ وزیراعظم اپنے بیان پر قائم نہیں رہتا وہ چند روز بعد یو ٹرن لیکر عوام کو بیوقوف بنانے کی کوشش کریں گے اسرائیل کے خلاف ملین مارچ ایک عظیم مارچ ثابت ہوگیا اسرائیل کو پہلے اور نہ ہی آئندہ تسلیم کریں گے اگر سلیکٹڈ حکمرانوں نے اسرائیل کو تسلیم کرنے کی غلطی کی تو ملک میں ان کے لئے جگہ نہیں ملے گی اپنے جاری کردہ بیان میں مولانا عبدالواسع نے کہاکہ سلیکٹیڈ وزیراعظم نے جس طرح فارن فنڈنگ کیس کے معاملے پر آزاد انکوائری کرنے کا حکم دیا ہے چند دن بعد وہ اپنے ہی بیان سے مکر جائے گا ان کے زبان پر اب کوئی بھروسہ نہیں کیونکہ انہوں نے ہر معاملے پر یوٹرن لے کر عوام کو دھوکہ دیا ہے مگر فارن فنڈنگ کیس میں یہ پھنس چکا ہے اب ان کو کوئی رعایت نہیں ملے گی انہوں نے کہاکہ احتساب کے نام پر جس طرح سلیکٹڈ حکمرانوں نے اپوزیشن سے انتقام لینے کی کوشش کی اب ان کی باری ہے عوام ان سے ضرور احتساب لیں گے اور ان کو اب بھاگنے کا موقع نہیں دیں گے انہوں نے کہا کہ آج کراچی کے عوام نے ثابت کردیا کہ ملک کے عوام اسرائیل کو تسلیم کرنے کیلئے تیار نہیں ہے اگر حکمرانوں نے اسرائیل کو تسلیم کرنے کی غلطی کی تو اس کے خطرناک نتائج برآمد ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں