کوئٹہ،لاک ڈاؤن، مزدور وں کی آڑ میں پیشہ ور گداگر بھی میدان میں آگئے

کوئٹہ، کوئٹہ شہر میں لاک ڈاؤن کے دوران بے روزگار ہونے والے مزدور اور دیہاڑی دار طبقے کی مدد کے لئے سماجی کارکن اپنے طور پر امداد کر رہے ہیں وہیں پیشہ ور گداگر بھی میدان میں آگئے ہیں،شہر بھر کی مرکزی شاہراہوں پر پیشہ ور گداگروں کا رش حقداروں کی حق تلفی ہونے لگی، تفصیلات کے مطابق کوئٹہ شہر میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے ہزاروں افراد بے روزگار ہوئے ہیں وہیں شہر میں رش کم ہونے کی وجہ سے پیشہ ور گداگروں کی بھی کمائی متاثرہوئی جس کے بعد کلنگ، بیلچہ اور سامان اٹھائے گداگر بھی مزدور بن کر شہریوں کی جانب سے دی جانے والی امداد لوٹ رہے ہیں،گداگروں کے گروہ میزان چوک، لیاقت پارک چوک، چی پی او چوک، شہباز ٹاؤن، جناح روڈسمیت شہر بھر میں جمع ہوجاتے ہیں جس کے بعد دن بھر میں سماجی کارکنوں کی جانب سے دی جانے والی امداد بٹور کر گھر چلے جاتے ہیں پیشہ ور گداگروں کی وجہ سے سفید پوش ضرورت مندوں کی حق تلفی ہو نے کے وجہ سے انکے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑھ گئے۔عوامی حلقوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان، چیف سیکرٹری بلوچستان، سیکرٹری سماجی بہبود، سیکرٹری انڈسٹریز، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ جلد از جلد دیہاڑی دار اور مزدور طبقے کی حکومتی سطح پر امداد کے لئے اعداد و شمار اکھٹے کرکے پیکج کا اعلان کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں