پنجاب، کرونا کے مریضوں میں اضافہ کا فی الفور نوٹس کیاجائے، شہباز شریف

اسلام آباد،پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے کہاہے کہ پنجاب میں تیزی سے کرونا کے مریضوں میں اضافہ کا فی الفور نوٹس کیاجائے۔ اپنے بیان میں اپوزیشن لیڈر نے کہاکہ فوری اقدامات نہ ہوئے توپنجاب میں بالخصوص خدانخواستہ بڑی تباہی دیکھ رہا ہوں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کرونا وائرس کا ٹیسٹ نہ کرنے کے فیصلے سے قوم کی جان خطرے میں ڈال رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کورونا کے مریضوں، ٹیسٹنگ، سکریننگ سے متعلق تمام ڈیٹا سامنے لایا جائے،حکومت کا کرونا کے متاثرین، ٹیسٹ اور سکریننگ کا کا اعداد چھپانا جرم ہے۔ انہوں نے کہاکہ حقائق چھپانے سے زمینی حقائق چھپ سکتے ہیں، نہ ہی کورونا کی پھلتی وبا ء رک سکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ مسئلے کا حل بڑے پیمانے پر ٹیسٹنگ اور ہسپتالوں سے الگ کورنٹین سینٹرز کا قیام ہے۔ انہوں نے کہاکہ ڈسٹرکٹ اور تحصیل ہسپتالوں میں حفاظتی کٹس، ادویات اور متعلقہ طبی سہولیات کا شدید فقدان ہے۔ انہوں نے کہاکہ واضح حکمت عملی، ضروری حفاظتی سامان فراہم نہ کرکے وزیراعظم کورونا پھیلانے کی راہ ہموار کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ عمران نیازی کا رویہ کورونا کے خلاف جنگ میں ہتھیار ڈالنے کے مترادف ہے،ڈاکٹرز، نرسز اور طبی عملے کے لئے حفاظتی لباس کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہاکہ ڈی ایچ کیو اور ٹی ایچ کیو ہسپتالوں میں کٹس، ادویات سمیت طبی سہولیات کا شدید فقدان ہے،ہسپتالوں میں مریضوں کو کورونا کے متاثرین سے فی الفور الگ کیاجائے ورنہ بڑی تباہی ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب میں ہنگامی بنیادون پر الگ کورنٹین مراکزکے قیام کو اورلین ترجیح دی جائے۔ انہوں نے کہاکہ سرکاری سکول، کالج، ہوٹل، شادی ہال اور مساجد کو کورنٹین سینٹرز بنایا جائے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کم ٹیسٹ کر کے حالات اور کنفرم مریضوں کی ریشو کو قابو میں رکھنے کی ناکام کوشش کر رہی ہیں جس سے وائرس کا خوفناک حد تک پھیلنے کا خدشہ ہے،حکومت ابھی تک پاکستان میں ٹیسٹ اور سکریننگ کا صحیح ڈیٹا نہیں بتا رہی۔ انہوں نے کہاکہ کروناوائرس کے حوالے سے ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی ٹریننگ نہ ہونا مزید خطرے کی علامت ہے۔ انہوں نے کہاکہ وینٹی لیٹرز کی کمی کے علاوہ انہیں چلانے کے لئے متعلقہ عملے کی بھی شدیدقلت ہے،شہری آبادی میں آئسولیشین وارڈز قائم کرنے سے عام مریضوں میں کروناوائرس کا خطرہ بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ دورافتادہ علاقوں سمیت ڈسٹرکٹ و تحصیل کی سطح پہ کے عوام کو کورونا سے آگاہ کرنے کی ہنگامی مہم چلائی جائے، انتظامات کئے جائیں،ڈاکٹرز و نرسز کے کروناوائرس کے ٹیسٹ باقائدگی کرائے جائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں