کرونا وائرس سے آگاہی کیلیے پولیس کا کورونا ہیلمٹ کا استعمال
چنئی:دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متعلق آگاہی پھیلانے کے لیے ہر ادارہ ہی سرگرم نظر آرہا ہے اور لوگوں کو وبا کے خطرات سے آگاہ کرنے کے لیے نئی نئی حکمتِ عملی کا بھی سہارا لیا جا رہا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق اس ضمن میں بھارت میں کورونا سے متعلق آگاہی کے لیے کہیں کورونا کا پتلا بنا کر جلایا گیا تو کہیں کٹھ پتلیوں نے لوگوں کو کورونا وائرس سے متعلق احتیاط برتنے کا پیغام دیا۔اب بھارتی ریاست چنئی کی پولیس کی جانب سے کورونا وائرس سے متعلق آگاہی کے لیے کورونا ہیلمٹ کا استعمال کیا جا رہا ہے،بھارتی میڈیا کے مطابق چنئی کی سڑکوں پر پولیس کو کورونا وائرس کی مائیکرو اسکوپک تصویر کی طرح دکھنے والے تھری ڈی ہیلمٹ پہنے ہوئے دیکھا جا رہا ہے۔چنئی پولیس کے لیے کووڈ-19 سے متعلق آگاہی پھیلانے کے لیے کورونا ہیلمٹ تیار کرنے والے آرٹسٹ گوتھم کا کہنا تھا کہ بڑی تعداد میں عوام کووڈ-19 کی صورتحال کو لے کر غیر سنجیدہ ہے، جب کہ پولیس ان لوگوں کو مسلسل گھر میں رہنے کی تاکید کر رہی ہے تاکہ وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ میرے دماغ میں اچانک کورونا ہیلمٹ تیار کرنے کا خیال آیا اور اس کے لیے میں نے ٹوٹا ہوا ہیلمٹ اور کچھ کاغذ کا استعمال کیا جب کہ میں نے چند پلے کارڈز بھی تیار کیے ہیں جسے پولیس ڈیوٹی کے دوران ہاتھوں میں اٹھائے ہوئے ہے۔