کورونا وائرس،شاہی حیثیت چھوڑنے والے شہزادہ ہیری کینیڈا سے امریکا منتقل

واشنگٹن:رواں برس کے آغاز میں شاہی حیثیت سے دستبرداری کا اعلان کرنے والے شہزادہ ہیری اپنی اہلیہ میگھن مارکل اور بیٹے آرچی کے ہمراہ کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلنے والے دنوں میں کینیڈا سے امریکا منتقل ہوگئے۔میڈیارپورٹس کے مطابق شہزادہ ہیری نے جنوری 2020 کے اچانک شاہی حیثیت چھوڑنے کا اعلان کرکے دنیا کو حیران کردیا تھا اور بعد ازاں ملکہ برطانیہ اور شاہی خاندان کے دیگر افراد نے بھی انہیں ایسا کرنے کی اجازت دی تھی، جس کے بعد مارچ کے آغاز میں انہوں ے باضابطہ طور پر شاہی حیثیت چھوڑ دی تھی۔شاہی حیثیت چھوڑنے سے قبل ہی شہزادہ ہیری اپنی اہلیہ اور بچے کے ساتھ کینیڈا منتقل ہوگئے تھے اور جوڑے نے پہلے ہی اعلان کر رکھا تھا کہ وہ امریکا اور برطانیہ کے درمیان ہی بقیہ زندگی گزاریں گے۔شاہی حیثیت چھوڑے جانے اور کینیڈا منتقل ہونے کے فوری بعد ہی شہزادہ ہیری اور ان کے اہل خانہ کی سیکیورٹی اخراجات کا مسئلہ اٹھ کھڑا ہوا تھا اور کینیڈین حکومت نے پہلے ہی واضح کردیا تھا کہ وہ شاہی جوڑے کے اخراجات برداشت نہیں کرے گی۔کینیڈین حکومت کی جانب سے سیکیورٹی اخراجات نہ اٹھانے کے اعلان کے بعد اب اطلاعات ہیں کہ شہزادہ ہیری اپنے اہل خانہ سمیت امریکا منتقل ہوگئے ہیں، جہاں وہ اپنی اہلیہ کے ذاتی مکان میں رہائش پذیر ہیں۔ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی ایک ٹوئٹ میں واضح کیا کہ شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل جنہوں نے کینیڈا میں مکمل سکونت اختیار کر رکھی تھی اب وہ امریکا منتقل ہوچکے ہیں مگر وہ یہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ امریکی حکومت شاہی جوڑے کے سیکیورٹی اخراجات برداشت نہیں کرے گی۔ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ اگرچہ ملکہ برطانیہ اور برطانوی حکومت سے ان کے اچھے تعلقات ہیں، تاہم پھر بھی وہ شہزادہ ہیری اور ان کے اہل خانہ کے سیکیورٹی اخراجات برداشت نہیں کریں گے۔جوڑے کے ترجمان کے مطابق میگھن مارکل اور شہزادہ ہیری اپنے ذاتی اخراجات پر سیکیورٹی کا بندوبست کریں گے اور ان کا امریکی حکومت سے سیکیورٹی مانگنے کا کوئی ارادہ نہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں