عوام اجتماعی طور پر اللہ تعالیٰ سے اپنے گناہوں کی معافی مانگیں، مولانا فضل الرحمن

پشاور: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہاہے کہ ملک کی موجودہ صورتحال کے موقع پر جمعیت علمائے اسلام کے کا رکنوں نے سیاست سے بالاتر ہو کر اداروں اور انتظامیہ سے بھرپور تعاون کیا ہے،عوام اجتماعی طور پر عاجزی و انکساری کیساتھ اللہ تعالیٰ سے اپنے گناہوں کی معافی مانگیں،72 سال سے حکمرانوں کی اجتماعی غلطیوں کی سزا قوم بھگت رہی ہے،عوام محکمہ صحت کی حفاظتی تدابیر پر عمل کریں تاکہ جلد از جلد اس وباء پر کنٹرول کیا جاسکے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعیت علمائے اسلام صوبہ خیبر پختونخوا کے سیکرٹری اطلاعات عبدالجلیل جان سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسوقت پوری دنیا کوکرونا وائرس نے اپنی لپیٹ میں لے رکھا، ضرورت اس امر کی ہے کہ ملکی سیاسی قیادت اور ادارے ملکر لائحہ عمل طے کریں۔ انہوں نے کہاکہ جمعیت علمائے اسلام نے شروع سے ہی انتظامیہ اور اداروں کو اپنی خدمات پیش کردی ہیں اور آج ملک بھر میں انصار الاسلام کے رضاکار اور جماعتی کارکن حب الوطنی کے جذبے کے ساتھ عوام کی خدمت میں مصروف ہیں اور گھر گھر جاکر امدادی سامان اور نقد رقم تقسیم کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 72 سال سے اسلامی احکامات جاری کرنے کی بجائے بیرونی ایجنڈے پر کام کیا جارہا ہے،جسکی سزا آج پوری قوم بھگت رہی ہے انہوں نے کہا کہ آج بھی وقت ہے کہ ہم اللہ تعالیٰ کے احکامات کی روشنی میں پاکستان کو بہتر مستقبل کی طرف لے جائیں۔ انہوں نے کہا عوام اور سیاسی قائدین قومی یکجہتی کا مظاہرہ کریں اور موجودہ صورتحال میں عبادات نمازِ کی پابندی، زکر ازکار اور صدقہ وخیرات کے زریعے مستحق لوگوں کی خدمت کے ساتھ ساتھ حفاظتی تدابیر پر سختی سے عمل کریں۔انہوں نے ڈیوٹی پر مامور ڈاکٹروں نرسوں پولیس اور اداروں کے زمہ وارورں اور انصار الاسلام کے کارکنوں کی کاوشوں اور جذبے کو سراہا جنہوں نے دن رات کرونا وائرس سے متاثرہ افراد اور ملک بھر کے عوام کی خدمت کو اپنا فریضہ سمجھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں