اسمبلی اجلاس کے حق میں نہیں، حکومت غلط کام کر رہی ہے تو اپوزیشن نشاندہی کرے، قدوس بزنجو

کوئٹہ:اسپیکر بلوچستان اسمبلی میرعبدالقدوس بزنجونے کہا ہے کہ اپوزیشن کی جانب سے صوبائی اسمبلی کااجلاس بلانے سے متعلق نکات پر کوئی اعتراض نہیں، تاہم موجودہ حالات ایسے نہیں کہ اسمبلی اجلاس بلاکر مل جول اورہجوم اکٹھاکرکے سینکڑوں لوگوں کی زندگیاں داؤپر لگادی جائیں حکومتی اقدامات پر کمی پیشی کی نشاندہی کرنا اپوزیشن کا جمہوری حق ہے موجودہ غیر معمولی ہنگامی ہنگامی صورتحال میں ضد چھوڑ کر اپوزیشن حالات کی نزاکت کو سمجھے مناسب ہوگا کہ اجلاس کی نوبت کے قطع نظر وزیراعلیٰ بلوچستان حکومتی اقدامات پر تمام پارلیمانی جماعتوں کے لیڈرز اور اپوزیشن کا مشترکہ اجلاس بلاکر انہیں اعتماد میں لیں اور ان کے خدشات اور تحفظات دور کرکے کرونا وائرس کی موجودہ صورتحال سے نبردآزما ہونے کے لیے موثر اور قابل عمل حکمت عملی تشکیل دی جائے،یہ بات نہوں نے اپوزیشن رکن بلوچستان اسمبلی ثناء بلوچ کی جانب سے لکھے گئے مراسلے کے جواب میں میڈیا کو اپنا رد عمل دیتے ہوئے کہی،اسپیکر بلوچستان اسمبلی میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ موجودہ نازک صورتحال میں بلوچستان اسمبلی کااجلاس بلانے کے حق میں نہیں ہوں اور اس حوالے سے میرا موقف واضح ہے کہ ایک ایسے وقت میں جبکہ کرونا وائرس کے باعث ملک بھر میں ایمرجنسی نافذ ہے صوبائی اسمبلی کا اجلاس بلا کر معزز اراکین قانون ساز اسمبلی سمیت سینکڑوں لوگوں کی زندگی کو خطرے میں نہیں ڈالا جاسکتا اپوزیشن کے نقاط پر کوئی اعتراض نہیں بلاشبہ ایسے مسائل پر اجلاس میں ہی بات ہونی چاہیے تاہم موجودہ غیر معمولی حالات کے پیش نظر اسمبلی اجلاس کا انعقاد نہ صرف عالمی احتیاطی تدابیر کے برعکس ہوگا بلکہ یہ ان حکومتی احکامات ونصیحتوں کی بھی صریحا خلاف ورزی ہوگی جس پر عمل درآمد کے لیے حکومت عوام کو ترغیب دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر اپوزیشن کی نظر میں حکومت غلط یا قابل عمل اقدامات نہیں اٹھا رہی ہے تو اپوزیشن کا یہ حق ہے کہ وہ اس کی نشاندہی کرے لیکن اس وقت کرونا وائرس کی وباء کے باعث حالات قطعی ایسے نہیں ہے کہ اسمبلی اجلاس بلا کر اکٹھا ہوا جائے کیونکہ میل جول ہجوم اور اکٹھا ہونے سے کرونا وائرس کی وباء ایک دوسرے کو لگنے کا خدشہ ہے اور طبی ماہرین اجتماعات سے سختی سے گریز کا مشورہ دے رہے ہیں اس لیے اپوزیشن جماعتوں سے گزارش ہے کہ وہ حالات کی نزاکت کوملحوظ خاطر رکھتے ہوئے اپنی ریکوزیشن واپس لے اسمبلی اجلاس کے انعقاد کے لیے یہ قطعی موذں وقت نہیں انشاء اللہ آگے چل کر اسمبلی کے یہ اجلاس ہوتے رہینگے اور جمہوری انداز میں معاملات ومسائل پر بحث اور قانون سازی کا عمل جاری رہے گا،موجودہ وقت اس وباء سے نجات حاصل کرنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی کی تشکیل اور احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کا ہے پرعزم ہیں کہ باہمی اتحاد واتفاق اور بہتر حکمت عملی سے اس وباء پر قابو پانے میں کامیاب رہیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں