جمعیت کی بقا و سالمیت اور میعشت کی جنگ لڑ رہی ہے،مولانا واسع
اوستہ محمد:جمعیت علما اسلام کے صوبائی امیر و ایم این اے مولانا عبدالواسع صوبائی جنرل سیکرٹری ایم این اے آغا محمود شاہ اپوزیشن لیڈر ملک سکندرخان ایڈوکیٹ صوبائی نائب امیر ایم این اے مولانا کمال الدین ایم پی اے اصغر خان ترین ایم پی اے محمد نواز کاکڑ ایم پی اے میر محمدیونس عزیز خان زہری ودیگر نے کہا ہے کہ جمعیت علما اسلام پاکستان کی بقا و سالمیت اور میعشت کی جنگ لڑ رہی ہے بلوچستان کا ضلع جعفر آباد مسائلستان بن چکا ہے، نوجوانوں کو کروڑوں نوکریاں دینے والوں کے دور میں مہنگائی کے طوفان نے عوام سے دو وقت کا روٹی تک چھین لیا ہے، کروڑوں روپے ریونیو دینے والا ضلع آج تباہ حال ہے، بلوچستان کی بدحالی دیکھ کر افسوس ہوتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوٹھ حاجی شبیر خان عمرانی میں عوام دوست پینل کے سربراہ میرمحمد اسلم خان عمرانی میر حاجی علی مراد خان رند وڈیرہ علی گل راجہ خان گل بلوچ غلام حسین سومرو نظر محمد ودیگر کثیر تعداد میں لوگوں کی جمعیت میں شمولیت کے موقع پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سابق صوبائی وزیر مولانا غلام سرور ندیم صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری مولانا عبدالخالق مری صوبائی جوائنٹ سیکرٹری میر نظام الدین لہڑی حاجی غوث اللہ سابق ایم این اے میر محمد عثمان بادینی بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہم موجودہ ایک سلیکٹڈ حکومت کے خلاف نبرد آزما ہیں اگر پاکستان کی بائیس کروڑ عوام روڈوں پر مولانا فضل الرحمان کی سربراہی میں نکلے گئیں ہیں تو موجودہ حکمرانوں کو بھاگنے کا وقت نہیں ملے گا۔ انہوں نے کہاکہ عوام کو ادراک ہوچکاہے اس لئے وہ مولانا فضل الرحمن کی قیادت میں احتجاجی جلسوں میں شرکت کررہے ہیں اب فائنل راؤنڈ ہے اور جلد ہی سلیکٹڈ حکومت گھر چلی جائے گی، انہوں نے کہا کہ جمعیت علما اسلام آزاد جمہوری قوتوں کی جنگ لڑ رہی ہے آپکے وسائل اور ساحل کی جنگ لڑ رہی ہے اٹھاویں ترمیم کی خودمختاری کا ضامن ہے،این ایف سی ایوارڈ ختم کرکے صوبوں کو غلام بنانے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔جمعیت علما اسلام امریکہ اسرائیل دیگر ملک دشمنان اسلام کے خلاف نکلی ہے یہ ملک دین و اسلام کے نام پر بنا ہے آج ہم اس ملک میں اللہ کے دین اسلام کا عادلانہ نظام لائینگے ہم اسلام کی سر بلندی دین کی بھلائی کے لئے اقدامات کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ گیس بجلی اور قدرتی وسائل سے مالا مال بلوچستان کو پسماندہ رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں آئین کی بالادستی ہونی چاہیے غریب اور امیر کے لئے الگ الگ قوانین سے بگاڑ پیدا ہوتا ہے۔ جے یوآئی عوام کے لوٹے گئے حقوق کو غصب کرنے والوں کا محاسبہ کرے گی۔ کارکن جمعیت علما اسلام کے اغراض ومقاصد لوگوں تک پہنچائے پارٹی پیغام گھر گھر پہنچائیں جمعیتِ علما اسلام نسل در نسل وڈیروں جاگیرداری نظام کے خلاف ہے جمعیت علما اسلام میں لوگ جوق در جوق شریک ہونے کی وجہ سے مخالفین بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکے ہیں۔


