کورونا ٹیسٹ کٹس بذریعہ سفارتخانہ آ رہی ہیں، ترجمان این ڈی ایم اے
اسلام آباد،نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے ترجمان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے ٹیسٹ کی کٹس چین میں موجود پاکستانی سفارت خانے کے ذریعے ملک میں آ رہی ہیں۔ایک بیان میں ترجمان این ڈی ایم اے نے کہا کہ یہ کٹس چینی حکومت سے تصدیق شدہ ہیں، اس لیے غیر تصدیق شدہ کٹس کا کوئی امکان نہیں ہے۔واضح رہے کہ وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وبائی بیماری کورونا وائرس کے ٹیسٹ کے لیے اب غیر تصدیق شدہ کٹس کی بھرمار ہوگئی ہے۔انہوں نے انکشاف کیا تھا کہ درآمدشدہ کٹس میں تمام خصوصیات موجود نہیں، جن کے ذریعے ایک مریض کو صحت مند ظاہر کیا جائے تو یہ تشویش ناک بات ہے۔فواد چوہدری نے کہا کہ ابھی تک کورونا وائرس کے ٹیسٹ کے لیے صرف چین کی کٹس آ رہی تھیں اور اب غیرتصدیق شدہ کٹس اضافی تعداد میں موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے ٹیسٹ کا درست ہونا بھی ضروری ہے، ہماری اپنی کٹس آ جائیں تو یہ غیر یقینی صورتِ حال ختم ہو جائے گی۔