عوام سلیکٹڈ کی بجائے اپوزیشن پر اعتماد کا اظہار کررہے ہیں،جنرل(ر) عبدالقادر بلوچ
کوئٹہ,پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی صدر لیفٹیننٹ جنرل(ر) عبدالقادر بلوچ اور صوبائی جنرل سیکرٹر ی جمال شاہ کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف کی جانب سے فراہم کردہ 600حفاظتی کٹس کوئٹہ پہنچ رہی ہیں جبکہ آئندہ چند روز میں 2ہزار کورونا بکس عوام میں تقسیم کئے جائیں گے۔ یہ بات انہوں نے اپنے جاری کردہ مشترکہ بیان میں کہی، انہوں نے کہاکہ پارٹی صدر میاں محمد شہباز شریف کی جانب سے بلوچستان کے عوام کو کورونا وائرس سے محفوظ رکھنے کیلئے منگل کو پارٹی اجلاس میں 2000ہزار کورونا وائرس بچاو بکس تقسیم کرنے کا اعلان کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) اپوزیشن میں ہوتے ہوئے بھی عوام کی خدمت کو جاری رکھے ہوئے ہے یہی وجہ ہے کہ لوگ سلیکٹڈ حکومت کی بجائے اپوزیشن پر اعتمادکا اظہار کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے ہم سب کو احتیاطی تدابیر اپنانے کی ضرورت ہے بلوچستان میں صفائی ستھرائی کی صورتحال بہتر نہ ہونے کی وجہ سے یہاں کے لوگ کورونا وائرس سے زیادہ خطرے میں ہیں صوبے میں صفائی کی صورتحال کو فوری بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔