اسلام آباد ہائیکورٹ، مجلس وحدت المسلمین کی زائرین کو واپس لانے کیلئے درخواست

اسلام آباد، مجلس وحدت المسلمین (ایم ڈبلیو ایم) نے کورونا وائرس کے باعث سرحدوں کی بندش کی وجہ سے ایران میں پھنسے زائرین کو پاکستان واپس لانے کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی۔مجلس وحدت المسلمین کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمع کرائی گئی درخواست میں وفاق، سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری خارجہ، وزارت دفاع اور چیئرمین پیمرا کو فریق بنایا گیا ہے۔درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ہزاروں زائرین ایران میں پھنسے ہیں جن کے ویزے کی مدت ختم ہو چکی یا ختم ہونے والی ہے، زائرین کو ایران جانے کے ویزے جاری کیے گئے لیکن اب انہیں واپس پاکستان آنے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ نجی چینل پر ارشد شریف کے پروگرام میں اس معاملے کو فرقہ وارانہ رنگ دے کر یہ تاثر دیا گیا کہ ملک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا سبب ایران سے آنے والے زائرین ہیں۔درخواست کے مطابق فریقین کی آئینی ذمہ داری ہے کہ زائرین کی بحفاظت وطن واپسی کے اقدامات کریں لہٰذا عدالت فریقین کو زائرین کی واپسی کے لیے انتظامات کا بندوبست کرنے کے احکامات جاری کرے۔ درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ حکومت پاکستان زمینی راستہ یا خصوصی فلائٹس کے ذریعے زائرین کو واپس لانے کے اقدامات کرے اور ایران سے واپس لائے گئے زائرین کے میڈیکل ٹیسٹ کر کے وائرس میں مبتلا مریضوں کے علاج کا حکم دیا جائے۔اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر درخواست کو سماعت کے لیے مقرر کردیا گیا ہے اور چیف جسٹس اطہر من اللہ کل اس کی سماعت کریں گے۔خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس کراچی میں رپورٹ ہوا تھا جہاں ایران سے واپس آنے والے نوجوان میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی تھی تاہم وہ اب صحتیاب ہوچکا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا بھی کہہ چکے ہیں کہ ’ملک میں کورونا کے مصدقہ کیسز میں سے 78 فیصد کی ٹریول ہسٹری ایران سے ہے‘۔

اپنا تبصرہ بھیجیں