کروناویکسین نہ لگوانے والے عملے کو ہر ہفتے 150درہم اداکرناہوں گے،ایمریٹس

ابوظبی:امارات کی قومی فضائی کمپنی ایمریٹس نے اپنے عملے سے کہا ہے کہ وہ پہلی فرصت میں کرونا ویکسین لگوا لیں یا ہر ہفتے ڈیڑھ سو درہم ادا کریں۔میڈیارپورٹس کے مطابق ایک بیان میں فضائی کمپنی ایمریٹس کا کہنا تھاکہ یہ پابندی کرونا وائرس کے پھیلا کو روکنے کے موثر اور محفوظ ترین وسیلے ویکسین کی اہمیت اجاگر کرنے کے لیے لگائی گئی ہے۔امارات ایئر نے بیان میں کہا کہ جن کارکنان نے اب تک کرونا ویکسین نہیں لی ہے انھیں یکم اپریل 2021 سے اپنے خرچ پر ہر ہفتے پی سی آر کرانا ہوگا۔بیان کے مطابق امارات ایئر کے 5 ہزار کارکنان اب تک کرونا ویکسین لے چکے ہیں، جن میں پائلٹس، ایئر ہوسٹس اور دیگر فضائی عملہ شامل ہے، جب کہ الامارات گروپ کے کارکنان بھی ہزاروں کی تعداد میں ویکسین لگوا چکے ہیں۔یاد رہے کہ دبئی میں کرونا ٹیسٹ کی فیس 150 درہم کے لگ بھگ ہے، اس فیس میں لیبارٹری ٹیسٹ، رزلٹ رپورٹ سمیت تمام اخراجات شامل ہیں۔الامارات گروپ نے ویکسین کی سہولت کلینکس میں مہیا کر رکھی ہے جب کہ ویکسین سینٹرز میں بھی یہ سہولت دستیاب ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں